صدر جمہوریہ کا جذبہ ہمدردی…

,

   

اچانک گرپڑی خاتون پولیس ملازم کی خیریت دریافت کی
نئی دہلی ۔ 29 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ رامناتھ کووند نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خاتون پولیس عہدیدار سے اس کی خیریت معلوم کی جو اچانک گر پڑی تھی ۔ تفصیلات کے مطابق دہلی پولیس کی خاتون ملازم پہلے قومی سی ایس آر ایوارڈ تقریب کے موقع پر وگیان بھون میں شہ نشین کے سامنے تعینات تھی جس وقت قومی ترانہ بجایا گیا وہ اچانک گر گئی اور کارپیٹ پر بیٹھ گئی ۔ وہاں موجود ایک پریس فوٹو گرافر نے یہ بات بتائی ۔ جوں ہی قومی ترانہ ختم ہوا صدر جمہوریہ نے مرکزی وزیر انوراگ سنگھ ٹھاکر سے بات چیت کی اور پھر اپنی سیکوریٹی کے ساتھ شہ نشین سے نیچے اتر کر خاتون پولیس ملازم کے پاس پہنچ گئے اور اس سے کچھ بات چیت کی اور خیریت دریافت کی۔ مرکزی وزیر نے خاتون پولیس ملازم کو پانی کی بوتل پیش کی ۔ عام طور پر صدر جمہوریہ قومی ترانہ کے فوری بعد واپس چلے جاتے ہیں ۔ خاتون پولیس ملازم کی طبیعت معلوم کرنے کے بعد صدر جمہوریہ کی واپسی کے موقع پر حاضرین نے تالیوں کی گونج میں ان کی سراہنا کی ۔ مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتا رامن، مملکتی وزیر فینانس انوراگ سنگھ ٹھاکر اور کارپوریٹ امور کے سکریٹری انجینی سرینواس اور دیگر اعلیٰ عہدیدار اس موقع پر شہ نشین پر موجود تھے ۔