نئی دہلی : صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی قیادت میں جمعہ کو ایک مشکور قوم نے آئین کیمعمار ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو ان کی 132 ویں یوم پیدائش پر دلی خراج عقیدت پیش کیا۔پارلیمنٹ ہاؤس احاطے میں ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کے سامنے خاص تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ مرمو نے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت نذر کئے ۔ نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ اور وزیر اعظم نریندر مودی اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا اور کئی دیگر مرکزی وزراء اور معززین نے بھی آئین کے معمار کو جذباتی خراج عقیدت پیش کیا۔ ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمے پر گلہائے عقیدت نذر کرنے کے لیے ہزاروں لوگ پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں بھی پہنچے ۔ اس موقع پر مجسمے کے سامنے بدھ مت کے منتر پڑھے گئے ۔قبل ازیں، محترمہ مرمو نے ایک ٹویٹ میں کہا ‘‘ہمارے آئین کے معمار بابا صاحب بھیم راؤ رام جی امبیڈکر کے یوم پیدائش کے موقع پر، میں تمام ہم وطنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتی ہوں۔