صدر جمہوریہ کا 29 ڈسمبر سے تلنگانہ دورہ

   

۔ 3 جنوری تک راشٹر پتی نیلائم میں قیام، انتظامات کو قطعیت
حیدرآباد۔/21ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے صدر جمہوریہ رامناتھ کووند کے 29 ڈسمبر سے جنوبی ہند کے دورہ پر حیدرآباد آمد کے انتظامات کا اعلیٰ سطحی اجلاس میں جائزہ لیا۔ صدر جمہوریہ 29 ڈسمبر سے 3 جنوری تک راشٹر پتی نیلائم میں قیام کریں گے۔ چیف سکریٹری نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ باہم تال میل کے ذریعہ صدر جمہوریہ کے قیام میں نقائص سے پاک انتظامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کمشنر جی ایچ ایم سی اور سی ای او کنٹونمنٹ بورڈ کو ہدایت دی کہ سڑکوں کی مرمت کا کام انجام دیں اور راشٹر پتی نیلائم کے راستہ پر بیریکیٹس نصب کئے جائیں تاکہ راشٹر پتی نیلائم جانے والی ٹریفک میں کوئی خلل نہ پڑے۔ انہوں نے محکمہ برقی کو 24 گھنٹے بلا وقفہ سربراہی، محکمہ صحت کو خصوصی میڈیکل ٹیموں کی تشکیل کی ہدایت دی ۔ صدر جمہوریہ کے قیام تک تمام متعلقہ محکمہ جات کو چوکس رہنا چاہیئے۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ صدر جمہوریہ کے دورہ کو تلنگانہ حکومت کے وقار میں اضافہ کے موقع کے طور پر دیکھا جائے۔ اسکے علاوہ حیدرآباد کی عالمی شناخت بنانے پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صدر جمہوریہ کے قیام کے دوران انتظامات میں کوئی کوتاہی نہ رہے۔ اجلاس میں ڈی جی پی مہیندر ریڈی، اسپیشل چیف سکریٹری انرجی سنیل شرما ، پرنسپل سکریٹری پولٹیکل وکاس راج ، پرنسپل سکریٹری ہوم روی گپتا، ڈائرکٹر جنرل فائر سرویسس سنجے کمار جین، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل جتیندر، سکریٹری ہیلت سید علی مرتضیٰ رضوی، سکریٹری بہبودی خواتین و اطفال انیتا راجندر، منیجنگ ڈائرکٹر ڈیری ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ایس سرینواس راجو، سکریٹری عمارات وشوارع رگھوما ریڈی، منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن جی ٹی وینکٹیشور راؤ، ایل وینکٹ رام ریڈی و دیگر محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔ ر