راشٹراپتی نیلائم میں روایتی سالانہ قیام ، راج بھون میں تقریب اور نیلائم میں ایٹ ہوم پروگرام میں شامل
حیدرآباد /20 ڈسمبر ( سیاست نیوز / پی ٹی آئی ) صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند جنوبی ہند میں اپنی روایتی سالانہ تعطیلات گذارنے کیلئے جمعہ کو یہاں پہونچے ۔ گورنر تمیلیسائی سوندرا راجن ، چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ ، ان کے کابینی رفقاء اور سینئیر عہدیداروں نے شہر کے حکیم پیٹ ایرفورس ہوائی اڈہ پر صدر کووند کا پرتپاک استقبال کیا ۔ صدر کا قیام 20 تا 28 ڈسمبر بولارام میں واقع تاریخی عمارت راشٹراپتی نیلائم میں رہے گا ۔ یہ عمارت صدر جمہوریہ کی تفریح گاہوں میں شامل ہیں ۔ جہاں وہ اپنے دوروں کے موقع پر قیام کیا کرتے ہیں ۔ صدر کووند 23 ڈسمبر کو تھروونتاپورم روانہ ہوں گے اور وہاں سے 26 ڈسمبر کی شام حیدرآباد واپس ہوں گے ۔ دوسرے دن 27 ڈسمبر کو راشٹرا پتی نیلائم میں ’ ایٹ ہوم ‘ کی میزبانی کریں گے ۔ صدر کووند 28 ڈسمبر کو قومی دارالحکومت نئی دہلی واپس ہوں گے ۔ راشٹرپتی نیلائم میں صدر جمہوریہ کا سالانہ قیام ایک روایت رہی ہے جہاں وہ سال میں کم سے کم ایک مرتبہ قیام کرتے ہیں اور اس مقام سے اپنی سرکاری مصروفیات جاری رکھتے ہیں ۔ بولارام میں واقع راشٹراپتی نیلائم کی تاریخی عمارت آزادی ہند کے بعد نظام حیدرآباد سے حاصل کرتے ہوئے صدارتی سکریٹریٹ کے حوالے کی گئی تھی ۔ 90 ایکر اراضی پر مہم یہ عمارت 1860 میں تعمیر کی گئی تھی ۔ یہ ایک منزلہ عمارت اپنے احاطے میں 11 کمروں پر مشتمل ہیں ۔ ایک اعلامیہ کے مطابق صدر کووند حیدرآباد میں اپنے قیام کے دوران 22 ڈسمبر کو راج بھون میں منعقد شدنی تقریب میں انڈین ریڈ کراس سوسائٹی تلنگانہ برانچ کے موبائل ایپ کی رسم اجراء انجام دیں گے ۔ 27 ڈسمبر کو وہ پیڈوچیری یونیورسٹی کے کانوکیشن سے خطاب کریں گے ۔