سرینگر: صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند جموں و کشمیر اور لداخ کے اپنے چار روزہ دورے پر اتوار کو سرینگر پہنچ گئے ۔سرکاری ترجمان کے مطابق صدر جمہوریہ کا سرینگر پہنچنے پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے خیر مقدم کیا۔انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر صدر جمہوریہ کووند کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ترجمان کے مطابق صدر جمہوریہ 26 جولائی کو کرگل وجے دیوس کی 22 ویں سالگرہ کے موقع پر کرگل وار میموریل دراس (لداخ) میں 1999 کی کرگل لڑائی کے دوران مسلح افواج کی زبردست شجاعت اور قربانی کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 27جولائی کو صدر جمہوریہ سرینگر میں کشمیر یونیورسٹی کے 19 ویں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کریں گے ۔ذرائع نے بتایا کہ صدر جمہوریہ امکانی طور پر نئی دہلی روانگی سے قبل وادی میں شری امرناتھ جی گھپا یا جموں کے کٹرہ میں شری ماتا ویشنو دیوی مندر میں حاضری دیں گے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ صدر جمہوریہ کے دورہ جموں و کشمیر اور لداخ کے پیش نظر خطے میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے نیز تمام انتظامات کر لئے گئے ہیں۔