صدر جمہوریہ ہند کا دورہ حیدرآباد ، خصوصی انتظامات کی ہدایت

   

مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس ، چیف سکریٹری شانتی کماری کاخطاب
حیدرآباد۔13۔نومبر(سیاست نیوز) صدرجمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو کے دوروزہ دورہ حیدرآباد کے دوران کئے جانے والے انتظامات کا آج چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ محترمہ شانتی کماری نے جائزہ لیتے ہوئے تمام محکمہ جات بالخصوص محکمہ بلدی نظم ونسق‘ محکمہ پولیس‘ محکمہ فائر ‘ محکمہ ٹریفک پولیس ‘ محکمہ برقی کے علاوہ محکمہ پروٹوکول کے عہدیداروں کا جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انہیں خصوصی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ صدرجمہوریہ کے دورہ کے دوران انتظامات میں کسی بھی طرح کی کوئی خامی نہ رہے اس کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ محترمہ شانتی کماری نے 21 اور 22 نومبر کو دورہ حیدرآباد کے دوران صدرجمہوریہ ہند کے پروگرامس کے مقامات پر محکمہ فائر اور پولیس کی جانب سے خصوصی انتظامات کویقینی بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ان مقامات پر سیکوریٹی کے خصوصی انتظامات کے ساتھ ساتھ محکمہ فائر کے درکار عملہ کو بھی متعین کیا جائے۔ انہوں نے محکمہ عمارات و شوارع کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ شہر حیدرآبادمیں جہاں کہیں صدرجمہوریہ کے پروگرام منعقد ہونے والے ہیں ان مقامات کی سڑکوں کو بہتر بنانے کے اقدامات کریں اور اس سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں سے تال میل کے ذریعہ سڑکوں کو بہتر بنایا جائے علاوہ ازیں جن مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کرنی ہیں ان مقامات پرمحکمہ ٹریفک پولیس ‘ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات کے تال میل کے ذریعہ انتظامات کو مکمل کیا جائے۔ محترمہ شانتی کماری نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ماہرڈاکٹرس کے عملہ کو صدرجمہوریہ کے دورہ کے دوران متعین کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ محکمہ صحت اس سلسلہ میں ضروری اقدامات کرے۔ جائزہ اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر جتیندر ‘ خصوصی چیف سیکریٹری محکمہ داخلہ مسٹر روی گپتا‘ خصوصی چیف سیکریٹری برائے محکمہ عمارات وشوارع مسٹر وکاس راج‘ ڈائریکٹر جنرل فائر سروسس مسٹر ناگی ریڈی ‘ پرنسپل سیکریٹری بی وینکٹیشم‘ ڈائریکٹر پروٹوکول مسٹر وینکٹ راؤ کے علاوہ دیگر محکمہ جات سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔صدر جمہوریہ کے حیدرآباد میں قیام کے دوران راشٹرپتی نیلائم کے اطراف و اکناف صفائی کے خصوصی انتظامات کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عملہ کو متعین رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔3