نئی دہلی 12 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام )گورنر مہاراشٹرا بھگت سنگھ کوشیاری نے مہاراشٹرا میں صدر راج نافذ کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے وہ جلد بازی میں کیا گیا ہے ۔ سابق سالیسیٹر جنرل موہن پراسرن نے اسخیال کا اظہار کیا ۔ سینئر وکیل نے کہا کہ صدر راج کا نفاذ آخری امکان ہوتا ہے اور گورنر کو چاہئے تھا کہ وہ شیوسینا کو تین دن کا وقت دیتے کہ وہ تائیدی مکتوب پیش کرتی ۔ انہوں نے کہا کہ کیا جلد بازی تھی کہ گورنر نے شیوسینا کو صرف 24 گھنٹوں کا وقت دیا تھا جو انتخابات میں دوسری بڑی پارٹی بن کر ابھری تھی ۔ پراسرن نے بتایا کہ یہ مہاراشٹرا کے عوام اور نو منتخب ارکان اسمبلی سے انصاف نہیں تھا ۔ گورنر کو ریاست میں ایک منتخبہ حکومت کے قیام کے تعلق سے مزید امکانات اور پہلووں کا جائزہ لینا چاہئے تھا ۔