صدر راج کے نفاذ کیلئے عنقریب صدر جمہوریہ سے نمائندگی

   

کورونا سے نمٹنے میں حکومت ناکام، رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی کا الزام
حیدرآباد: کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ تلنگانہ میں صدر راج نافذ کیا جائے کیونکہ حکومت کورونا وباء کے پھیلاؤ کو روکنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہاسپٹلس میں بہتر علاج کی امید نہیں کی جاسکتی جس کے سبب عوام کارپوریٹ ہاسپٹلس سے رجوع ہونے پر مجبور ہیں۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ سرکاری ہاسپٹلس کی ابتر صورتحال کا اندازہ کل ہوئی بارش سے عثمانیہ ہاسپٹل کی تباہی سے ہوتا ہے۔ بارش کے ساتھ ہی ہاسپٹل کے تمام وارڈس میں پانی داخل ہوگیا اور مریض کئی گھنٹوں تک پانی کے درمیان گھرے رہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ تلنگانہ حکومت عثمانیہ ہاسپٹل کو عصری بنانے میں سنجیدہ کیوں نہیں۔ صحت کے شعبہ میں حکومت کی ناکامی کورونا کیسیس میں اضافہ سے بے نقاب ہوچکی ہے۔ عوام کو حکومت پر اعتماد باقی نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوامی زندگی کے تحفظ کے بجائے کنٹراکٹرس سے کمیشن حاصل کرنے کی فکر ہے۔ رکن پارلیمنٹ نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ عثمانیہ ہاسپٹل کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لے۔ انہوں نے کورونا کے علاج کو آروگیہ شری اسکیم کے تحت شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔ کورونا سے غریب افراد فوت ہورہے ہیں لیکن حکومت کو کوئی فکر نہیں۔ سرکاری دواخانوں میں آکسیجن ، وینٹی لیٹرس اور ادویات کی کمی ہے۔ خانگی شعبہ میں آکسیجن سلینڈرس کو بھاری قیمت پر فروخت کیا جارہا ہے اور حکومت ان سرگرمیوں پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ کورونا وباء کے سبب ریاست کے چار کروڑ عوام پریشان ہیں لیکن کے سی آر کو نئے سکریٹریٹ کی تعمیر سے دلچسپی ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کورونا سے نمٹنے میں ناکامی پر کے سی آر سے فی الفور استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ہیلت ایمرجنسی نافذ کی جانی چاہئے ۔ مرکز کو چاہئے کہ وہ فوری مداخلت کرتے ہوئے صدرراج نافذ کرے۔ کانگریس ارکان پارلیمنٹ بہت جلد صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند سے ملاقات کریں گے۔