صدر سری لنکا کے مستعفی نہ ہونے پر ملک بھر میں ہڑتال

   

کولمبو: سری لنکا میں مزدوروں کی طرف سے عام ہڑتال کے باعث کاروبار زندگی معطل رہا۔ احتجاج کرنے والے شہریوں کا مطالبہ ہے کہ صدر گوٹابایا راجا پاکسے اپنے عہدے سے استعفا دیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق پبلک اور نجی ٹرانسپورٹ بند رہنے کے باعث سڑکیں سنسان رہیں۔ اس کے علاوہ اسکولوں اور سرکاری دفتروں کے ملازمین اپنی ڈیوٹی پر نہ پہنچے اور بینک بھی اس ایک روزہ ہڑتال کے حق میں بند رہے۔ تجارتی یونین ورکرز کے مطابق یہ سری لنکا کی تاریخ کی سب بڑی عام ہڑتال ہے جس میں ایک ہزار سے زائد مزدور تنظیموں نے حصہ لیا۔ ادھر ہزاروں افراد کولمبو میں صدر راجا پاکسے کے دفتر کے باہر 20 روز سے دھرنا دیے ہوئے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ اپنا عہدہ فوری طور پر چھوڑ دیں۔ واضح رہے کہ سری لنکا ان دنوں شدید معاشی بحران کا شکار ہے۔