متحدہ عرب امارات اور مصر تعلقات کو مستحکم کرنے کیلئے پرعزم
قاہرہ، 29 ستمبر (ایجنسیز) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان پیر کے روز مصر کے دورے پر قاہرہ پہنچے، جہاں قاہرہ انٹرنیشنل ایرپورٹ پر مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔اماراتی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران اپنے ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بات چیت میں باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں، علاقائی اور عالمی امور اور عرب دنیا کو درپیش چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر صدر السیسی نے کہا کہ مصر اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات اعتماد اور یکجہتی کی بنیاد پر قائم ہیں اور دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام کے لیے ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ شیخ محمد بن زاید نے بھی مصرکو امارات کا قریبی اور قابلِ اعتماد شراکت دار قرار دیتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر زور دیا۔ شیخ محمد کے ہمراہ آنے والے اعلیٰ سطحی وفد میں شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان، ڈپٹی چیئرمین صدارتی دیوان برائے خصوصی امور، شیخ محمد بن حمد بن طحنون النہیان، صدر امارات کے مشیر، اور متعدد وزراء و دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم سنگ میل سمجھا جا رہا ہے جس سے نہ صرف باہمی روابط مزید مضبوط ہوں گے بلکہ خطے میں مشترکہ مفادات کے فروغ اور امن و استحکام کے لیے بھی نئی راہیں کھلیں گی۔
