پیرس: اسرائیل کے کٹر حامیوں میں سے ایک فرانس کے صدر نے نتن یاہو سے کہا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری سے شہریوں کا جانی نقصان بہت زیادہ ہو چکا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ دہشت گردوں اور عام شہریوں کے درمیان فرق کر کے بمباری اور کارروائیاں کی جائیں۔فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اس موقع پر فوری انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کو اسرائیلی کامیابی کیلئے اہم قرار دیا تاکہ بات مکمل جنگ بندی کی طرف آگے بڑھے۔واضح رہے اسرائیلی بمباری سات اکتوبر سے اندھا دھند چل رہی ہے جب حماس نے اسرائیل کے اندر تک ایک بڑی کارروائی کی تھی۔ اس واقعہ کو اسرائیل میں انٹیلی جنس اور فوج کی بڑی ناکامی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔تب سے اسرائیل نے حماس کو تباہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ غزہ کی وزارت صحت ان ہلاکتوں کی تعداد اب تک 13 ہزار سے زیادہ بتاتی ہے، جبکہ غزہ کی پٹی پر بمباری سے ساڑھے پانچ ہزار کی تعداد صرف فلسطینی بچے جاں بحق ہوئے ہیں۔صدر فرانس نے اس سلسلہ میں صدر فلسطین محمود عباس سے بھی بات کی ہے۔