صدر مجلس ضلع عادل آباد کی فائرنگ ، 3 افراد شدید زخمی

,

   

Ferty9 Clinic

کرکٹ کھیلنے کے دوران دو گروپ کے درمیان تصادم ، پرانی مخاصمت کے نتیجہ میں سنگین واقعہ رونما

حیدرآباد : صدر مجلس اتحادالمسلمین ضلع عادل آباد محمد فاروق احمد کی مبینہ فائرنگ میں 3 افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ اس واقعہ کے بعد ضلع عادل آباد میں سنسنی پھیل گئی اور پولیس نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا ۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس مسٹر وائی ناگی ریڈی کے مطابق جمعہ کی شام 5 بجے تاٹی گوڑہ علاقہ میں بعض مقامی نوجوان کرکٹ کھیل رہے تھے اور اسی دوران دونوں گروپس کے درمیان اچانک تصادم ہوگیا ۔ محمد فاروق احمد صدر مجلس جو سابقہ وائس چیرمین عادل آباد میونسپلٹی ہیں اپنی لائیسنس یافتہ .32 پستول سے سید ضمیر اور سید معتصم پر فائرنگ کردی ۔ جبکہ وہاں پر موجود سید منان بھی اس واقعہ میں زخمی ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ بعض عینی شاہدین نے یہ بتایا ہے کہ فاروق احمد کے ہاتھ میں پستول کے علاوہ ایک خنجر بھی موجود تھا ۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر عادل آباد کی II ٹاؤن پولیس مقام واردات پر پہنچ گئی اور محمد فاروق احمد کو فوری اپنی حراست میں لے لیا ۔ زخمیوں کو عادل آباد کے ریمس ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے جہاں پر ان کا علاج جاری ہے ۔ آئی جی مسٹر ناگی ریڈی نے کہا کہ حراست میں لئے گئے ملزم فاروق احمد کے خلاف تعزیرات ہند کے دفعہ 307 ، 324 ، 506 اور انڈین آرمس ایکٹ کے دفعہ 27 اور 30 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور انہیں کل عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔ پولیس نے بتایا کہ پرانی مخاصمت کے نتیجہ میں یہ واردات پیش آئی ہے اور علاقہ تاٹی گوڑہ میں پولیس پکٹس بھی تعینات کردیئے گئے ہیں ۔ انسپکٹر جنرل وائی ناگی ریڈی نے کہا کہ ملزم کے اسلحہ کے لائیسنس کو منسوخ کرنے کیلئے ضلع کلکٹر و مجسٹریٹ کو مکتوب روانہ کردیا گیا ہے ۔