عنقریب کانگریس میں شمولیت کا امکان، عادل آباد مجلس جنرل سکریٹری راشید الحق کا بیان
عادل آباد۔/17نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عادل آباد مجلس اتحادالمسلمین کو اسمبلی انتخابات کے سامنے زبردست جھٹکہ لگا۔ عادل آباد مجلس کے جنرل سکریٹری راشیدالحق نے عادل آباد مجلس صدر کی کارکردگی سے ناراض ہوکر آج جمعہ کو مجلس پارٹی کو خیرباد کہتے ہوئے اپنا استعفی پیش کردیا۔ ان کے ہمراہ مجلس وارڈ صدر راہول دھنانی، وارڈ نمبر 9صدر ، وارڈ جنرل سکریٹری عمران، وارڈ نمبر 7 صدر حسین، وارڈ نمبر 8 صدر کلیم رانا، وارڈ نمبر 42 کے صدر ساجد خان، جنرل سکریٹری مظفر، وارڈ نمبر 31 کے جنرل سکریٹری عبدالرزاق ، وارڈ نمبر 38 جنرل سکریٹری ارباز، وارڈ نمبر 30 کے گوتم، وارڈنمبر 31 خازن اعجاز، وارڈ نمبر 31 ایگزیکیٹو ممبر نوین، وارڈ نمبر 33جنرل سکریٹری عمران نے بھی اپنا استعفی پیش کردیا۔ راشید الحق نے عادل آباد کے الیکٹرانک میڈیا سنٹر پر میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے عادل آباد مجلس صدر پر الزام عائد کیا کہ وہ بی آر ایس پارٹی کی تائید وحمایت میں انتخابی مہم چلارہے ہیں جبکہ بی آر ایس پارٹی قائدین کو انہوں نے مختلف دھاندلیوں میں ملوث قرار دیا۔ آئندہ منعقد ہونے لوک سبھا انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے اپنے مجلس کے مختلف وارڈز قائدین کے ہمراہ اجتماعی استعفی پیش کردیا اور کہا کہ مقامی علماء کرام، دانشمندوں سے مشورہ کرنے کے بعد اپنی سیاسی زندگی کا فیصلہ کریں گے۔ راشید الحق کے تمام تفصیلات سے واقف ہونے کے بعد یہ محسوس کیا جاتا ہے کہ وہ عنقریب کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔