نئی دہلی :صدر جمہوریہ د روپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور بی جے پی کے صدر جگت پرکاش نڈا نے جمعہ کو سابق وزیر اعظم اور سینئر بی جے پی لیڈر آنجہانی اٹل بہاری واجپائی کو ان کی برسی پر جذباتی خراج عقیدت پیش کیا۔ شریمتی مرمو، مودی، راجناتھ اور نڈا صبح سویرے یہاں واقع سمادھی ’ سدیو اٹل ‘ پر پہنچے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔آنجہانی واجپائی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد مودی نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ بے شمار لوگ انہیں قوم کی تعمیر میں غیر معمولی تعاون پر یاد کرتے ہیں۔
انہوں نے اپنی پوری زندگی لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں صرف کی۔ ہم ہندوستان کے بارے میں ان کے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے کام کرتے رہیں گے ۔ مسٹر سنگھ نے اپنی پوسٹ میں لکھا ”اٹل جی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کی خدمات پر قوم ہمیشہ ان کی مقروض رہے گی۔ مسٹر نڈا نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی کہا “بھارتیہ جنتا پارٹی کے بانی، سابق وزیر اعظم ‘بھارت رتن’ سے سرفراز انتہائی قابل احترام اٹل بہاری واجپئی جی کی برسی کے موقع پر انہوں نے ان کی یادگار ‘سدیو اٹل’ کا دورہ کیا اور انہیں جذباتی خراج عقیدت پیش کیا۔ مسٹر نڈا نے کہا کہ آپ کی پوری زندگی قوم اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے وقف تھی۔ آپ کی سیاسی دانشمندی، مثالی شخصیت، متاثر کن نظموں کی مثالیں ہمیشہ ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔مسٹر واجپئی، جو بی جے پی کے سب سے سینئر لیڈروں میں سے تھے ، تین بار ملک کے وزیر اعظم کے عہدے پر فائز ہوئے ۔ 16 اگست 2018 کو طویل علالت کے بعد ان کا انتقال ہوا۔