صدر مرمو کا عشائیہ: G20 کی بعض خواتین ہندوستانی لباس میں

   

نئی دہلی : صدر دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو نئی دہلی میں G20 سربراہی اجلاس کے مقام، بھارت منڈپم میں G20 رہنماؤں اور مندوبین کیلئے منعقدہ ایک گالا ڈنر میں ان کا استقبال کیا۔ برطانوی وزیر اعظم رشی سنک اور ان کی اہلیہ اکشتا مورتی صدر دروپدی مرمو کی میزبانی میں G-20 ڈنر کیلئے دہلی کے بھارت منڈپ پہنچے۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون بھی ڈنر کے لیے دہلی کے بھارت منڈپم پہنچے۔ روس کے صدر ولادیمیر پوتن کی جگہ G-20 کانفرنس میں شرکت کرنے والے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ چین کی جانب سے وزیر اعظم لی کیانگ نے عشائیے میں شرکت کی۔ جاپانی وزیر اعظم فومیو کیشیدا اپنی اہلیہ یوکو کیشیدا کے ساتھ پہنچے۔ اس دوران مسز کشیدا ہندوستانی لباس ساڑھی پہنے نظر آئیں۔ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ بھی ڈنر کے لیے بھارت منڈپم پہنچیں۔ وہ بھی روایتی لباس ساڑھی میں نظر آئیں۔ ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا بھی اپنی اہلیہ کیساتھ پہنچے۔ آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا جامنی اور سفید شلوار سوٹ میں پوری طرح ہندوستانی لگ رہی تھیں۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اذانوم کی ٹانگوں میں کچھ تکلیف نظر آئی اور وہ چھڑی کی مدد سے چل رہے تھے۔