مہنگائی ، عدم جمہوری طرز عمل سے عوام ناراض ، احتجاج کو کچلنے طاقت کا استعمال
قاہرہ : مصر میں زبردستی اقتدار پر قابض صدر عبدالفتاح السیسی کے خلاف عوام کا احتجاج آج مسلسل چھٹے دن بھی جاری رہا۔ مظاہروں کے دوران ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔ پولیس کی جانب سے مصر کے عوام اور مظاہرین کے خلاف سخت کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ صدر السیسی سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے مصر کے عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر جمع ہوگئی ہے۔ پولیس ان کی جدوجہد کو کچلنے کیلئے تمام تر ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔ طاقت کے ذریعہ احتجاج کو کچلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ یاد رہے کہ عوامی منتخب حکومت اور صدر ڈاکٹر محمد مرسی کو اقتدار سے بے دخل کرتے ہوئے اُس وقت کے فوجی حکمران السیسی نے مصر میں زبردستی اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا۔ محمد مرسی بعد میں جیل کی سزا کاٹ رہے تھے۔ ایک عدالتی کارروائی کے دوران ڈاکٹر مرسی انتقال کرگئے۔ مصر میں اقتدار کی جبراً منتقلی کے خلاف عوام میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ موجودہ السیسی حکومت عوام کو بہتر حکمرانی فراہم کرنے میں ناکام ہے۔ مصر کے عوام مہنگائی، عدم جمہوری رویہ اور دیگر اُمور کو لے کر موجودہ صدر عبدالفتاح السیسی سے ناراض ہیں۔ ان سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے اقتدار کی تبدیلی کیلئے احتجاجی مظاہرے کئے جارہے ہیں۔