صدر معلمہ کی انسانی ہمدردی

   

حیدرآباد۔/9 فبروری، ( سیاست نیوز) ضلع کھمم آشواراؤ پیٹ منڈل کے بھیمونی گوڑم آل ٹی ڈی اے گرلز گریجن آشرم ہائی اسکول ہیڈ مسٹریس کی انسانی ہمدردی ، چوکسی و خصوصی دلچسپی کا مظاہر کرنے کے نتیجہ میں دسویں جماعت میں زیر تعلیم ایک طالبہ ( لڑکی ) موت کے منہ سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوئی اور فوری طور پر آپریشن کروانے کے باعث اس لڑکی کی زندگی بچائی جاسکی۔ تفصیلات کے مطابق دسویں جماعت میں زیر تعلیم طالبہ ایم لکشمی کو خصوصی کوچنگ کے ایک حصہ کے طور پر آشواراؤ پیٹ منڈل اننتا رم موضع میں واقع گرلز آشرم ہائی اسکول میں شریک کروایا گیا اور وہ ایک ماہ سے اسی اسکول میں تعلیم حاصل کررہی تھی۔ لیکن گزشتہ دن اچانک رات دیر گئے لڑکی نے پیٹ میں شدید تکلیف کی شکایت کی جس پر اسکول کی ہیڈ مسٹریس نے ایک لمحہ بھی تاخیر کئے بغیر انسانی ہمدردی و خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شریمتی اجمیرا کرشنا کماری نے اپنی ہی کار میں گمڈولی گورنمنٹ ہیڈکوارٹر ہاسپٹل لے جاکر طبی معائنہ کرواتے ہوئے علاج کا آغاز کروایا لیکن پیٹ میں تکلیف مزید بڑھتی ہی گئی جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہیڈ مسٹریس کرشنا کماری نے فوری طور پر دواخانہ سے لڑکی کا ڈسچارج لے کر آشواراؤ پیٹ ہاسپٹل کو منتقل کیا۔ ڈاکٹروں نے لڑکی کا تفصیلی معائنہ کرنے کے بعد لڑکی کی صورتحال انتہائی تشویشناک پائی جانے کا اظہار کیا۔ جس کے ساتھ ہی وہاں سے لڑکی کو تیز رفتاری کے ساتھ ستد پلی میںواقع ایک خانگی ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا اور ڈاکٹروں نے فوری تفصیلی معائنے کئے جس پر لڑکی کے پیٹ میں زائد از ایک کیلو گرام وزنی ’’ کنتی ‘‘ ( گڈہ ) پائے جانے کا انکشاف کیا اور کہا کہ فوری طور پر آپریشن کے ذریعہ اس گڈہ کو نہ نکالا جائے تو لڑکی کی موت واقع ہوسکتی ہے۔ جس پر ہیڈ مسٹریس شریمتی کرشنا کماری نے تمام حالات کا سامنا کرتے ہوئے ساتھ رہ کر لڑکی کا آپریشن کروانے کی بھی ذمہ داری قبول کی اور ڈاکٹروں نے آپریشن کے ذریعہ لڑکی کے پیٹ سے زائد از ایک کلو وزنی ’ کنتی ‘ ( گڈہ ) نکالا جس کے بعد ہی لڑکی کی تشویشناک صورتحال دورہوسکی۔ اس طرح لڑکی موت کے منہ سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوئی۔ ڈاکٹروں کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ لڑکی کی حالت فی الوقت کافی بہتر ہے اور محض ہیڈ مسٹریس کی جانب سے فی الفور اقدامات کرنے کی وجہ سے ہی لڑکی کی زندگی کو بچایا جاسکا۔