صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی چیف منسٹر سے ملاقات

   

اقلیتوں کیلئے سبسڈی اسکیم و احکام کی اجرائی پر امتیاز اسحق کا اظہار تشکر
حیدرآباد۔24 جولائی (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن جناب اسحق امتیاز نے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کرکے اقلیتوں کیلئے 100 فیصدسبسیڈی اسکیم کے اعلان اور احکامات کی اجرائی پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ حکومت کی جانب سے اگر استفادہ کنندگان کی تعداد کو بڑھایا جاتا ہے تو کئی خاندانوں کو فائدہ پہنچایا جاسکتا ہے۔جناب اسحق امتیاز نے چندر شیکھر راؤ سے پرگتی بھون میں ملاقات کرکے اظہار تشکر کیا اور بجٹ کی اجرائی کے اقدامات سے واقف کروایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے جاری احکام کے بعد اقلیتوں کو کے سی آر حکومت سے توقعات میں اضافہ ہواہے اور درخواست گذاروں کی بڑی تعداد کو استفادہ کی امید یں ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر سے خواہش کی کہ اگر حکومت اسکیم کیلئے مزید 500کروڑ جاری کرتی ہے تو درخواست گذاروں کو مایوسی نہیں ہوگی۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے صدرنشین مالیاتی کارپوریشن کے طرز کارکردگی کی ستائش کی اور کہا کہ حکومت سے مذکورہ اسکیم کیلئے بجٹ کو مکمل استعمال کیا جاتا ہے تو حکومت سے جلد اضافی بجٹ کی اجرائی ہوسکتی ہے ۔جناب اسحق امتیاز نے چیف منسٹر کو اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے اقدامات سے آگاہ کیا جس پر چیف منسٹر نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ اقلیتوں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کوششیں جاری رکھیں اور نئے منصوبے تیار کرکے محکمہ کے حوالہ کریں تاکہ حکومت سے ان پر عمل آوری کے متعلق غور کیا جاسکے۔م