صدر نشین اقلیتی کمیشن محمد قمر الدین کا دورہ نظامیہ طبی کالج

   

عمارت کی خستہ حالی پر تشویش، صحت و صفائی کے موثر انتظامات کی ہدایت

حیدرآباد۔/23 مارچ، ( سیاست نیوز) صدر نشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن محمد قمر الدین نے آج چارمینار یونانی ہاسپٹل اور نظامیہ طبی کالج یونانی کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں کو دی جانے والی سہولتوں اور دیگر اُمور کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹر اے ورشنی ( آئی اے ایس ) کمشنر آیوش، ڈاکٹر شہزادی سلطانہ پرنسپل طبیہ کالج اور ڈاکٹر محمد سراج الحق وائس پرنسپل نے صدرنشین کا استقبال کیا۔ انہوں نے ہاسپٹل کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے نمائندگیاں وصول کیں۔ طلبہ اور مقامی افراد نے مسائل سے آگاہ کیا۔ ہاسپٹل کے مختلف وارڈز کے معائنہ کے موقع پر قمر الدین نے پرگی سے تعلق رکھنے والے ایک مریض راملو سے بات چیت کی۔ اس نے علاج پر اطمینان کا اظہار کیا۔ یہ شخص فالج سے متاثرہ ہے۔ محمد قمر الدین نے طلبہ کے مسائل کی سماعت کی جنہوں نے ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی کمی کی شکایت کی۔ دواخانہ میں پینے کے پانی اور صفائی کے مسائل بھی منظر عام پر آئے۔ کمشنر آیوش نے بتایا کہ اسٹاف کی کمی کو دور کرنے کیلئے حکومت نے 8 پروفیسرس کے تقرر کے احکامات جاری کئے ہیں اور جلد ہی اسٹاف کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت سے نمٹنے کیلئے بھی اقدامات کئے گئے۔ صدرنشین کمیشن نے مَردوں اور خواتین کے وارڈز کے علاوہ مختلف شعبہ جات کا دورہ کرتے ہوئے دواخانہ کے حکام کو صفائی برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے مریضوں کو سربراہ کئے جانے والے کھانے کے معیار کا جائزہ لیا اور خود کھا کر اطمینان کا اظہار کیا۔ دورہ کے موقع پر پتہ چلا کہ ہاسپٹل اور کالج کی تاریخی عمارت خستہ حالی کا شکار ہے اور فوری مرمت اور تزئین نو کی ضرورت ہے۔ صدرنشین نے اس سلسلہ میں آرکیالوجی ڈپارٹمنٹ کی توجہ مبذول کرنے اور عمارت کے تحفظ کیلئے فنڈز کی اجرائی کی حکومت سے نمائندگی کا تیقن دیا۔ ان کے ہمراہ کمیشن کے رکن ایم اے عظیم اور میڈیکل آفیسرس اسوسی ایشن کے عہدیدار موجود تھے۔