صدر نشین تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن اور ارکان کا 18 ڈسمبر کو دورہ دہلی

   

یونین پبلک سرویس کمیشن اور اسٹاف سلکشن کمیشن سے ملاقات کا منصوبہ
حیدرآباد۔/11 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن بی وینکٹیشم ( آئی اے ایس ) نے ذمہ داری سنبھالنے کے بعد سے کمیشن کی کارکردگی مزید بہتر بنانے اور یونین پبلک سرویس کمیشن کی طرز پر تقررات کا عمل انجام دینے پر توجہ مرکوز کی ہے تاکہ تقررات میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ صدرنشین کمیشن بی وینکٹیشم نے ٹیلی فون پر یونین پبلک سرویس کمیشن کی چیرپرسن شریمتی پریتی سدن سے بات چیت کی اور تقررات کے سسٹم کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ بی وینکٹیشم 18 ڈسمبر کو کمیشن کے ارکان کے ساتھ نئی دہلی میں یونین پبلک سرویس کمیشن کا دورہ کریں گے اور شریمتی پریتی سدن سے ملاقات کریں گے۔ یونین پبلک سرویس کمیشن کے ارکان اور عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے امتحانات کے انعقاد کے طریقہ کار اور امیدواروں کے سلیکشن کے امور کا جائزہ لیں گے تاکہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن میں اسی سسٹم پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے صدرنشین اسٹاف سلکشن کمیشن ایس گوپال کرشنن ( آئی اے ایس ) سے بھی فون پر بات چیت کی اور 19 ڈسمبر کو نئی دہلی میں ملاقات کا فیصلہ کیا۔ 1
جناب عامر علی خان ایم ایل سی کا اقدام قابل قدر، عارف الدین احمد
حیدرآباد۔/11 ڈسمبر، ( پریس نوٹ ) جناب عارف الدین احمد صدر تنظیم تحفظ اردو تلنگانہ نے جناب عامر علی خان ایم ایل سی کی تنخواہ کی مجموعی رقم 20 لاکھ روپئے ’سیاست ملت فنڈ‘ میں بطور عطیہ دینے کا دل کی گہرائیوں سے خیرمقدم کیا ہے۔ جناب عامر علی خان ایم ایل سی کا یہ عمل قابل قدر، قابل فخر و قابل تقلید ہے۔ جناب عارف الدین احمد نے مزید کہا کہ جناب عامر علی خان ایم ایل سی کا اقدام آج کے سیاست دانوں کیلئے لمحہ فکر و قابل تقلید عمل ہے۔ انہوں نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ روز نامہ ’سیاست‘ کی ملی خدمات قابل ذکر ہیں۔ ’سیاست‘ صرف اخبار نہیں بلکہ ایک تحریک ہے۔ روز نامہ سیاست کی خدمات ملت فنڈ کے ذریعہ غریب مسلمانوں کی سماجی، معاشی و تعلیمی ترقی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بانی ایڈیٹر جناب عابد علی خاں مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت ادا کیا۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کی خدمات کو خراج تحسین ادا کرتے ہوئے ان کی لمبی عمر و صحت کیلئے اللہ رب العزت سے دعا کی۔