نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نامزد کرنے پر اظہار تشکر
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : اسٹیٹ فوڈ کارپوریشن کے صدر نشین ایم اے فہیم نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا نائب صدر نامزد کرنے پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ پارٹی نے ان پر بھروسہ کیا ہے وہ پارٹی کے استحکام اور حکومت کے فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہونچانے کے لیے ذمہ دارانہ رول ادا کریں گے ۔ بعد ازاں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ایم اے فہیم نے کہا کہ وہ ابتداء سے پارٹی کے تنظیمی عہدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ پارٹی نے انہیں جو بھی ذمہ داری دی ہے وہ اس کو بخوبی نبھاچکے ہیں ۔ ان کی کارکردگی سے مطمئن ہو کر چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے انہیں ریاستی فوڈ کارپوریشن کا صدر نشین بنایا ہے ۔ اس ذمہ داری کو بھی وہ بخوبی نبھانے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کی 18 ماہی کارکردگی اطمینان بخش ہے ۔ سماج کے تمام طبقات پوری طرح مطمئن ہیں ۔ مہیش کمار گوڑ کانگریس پارٹی کو تنظیمی سطح پر مستحکم کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں مجوزہ مقامی اداروں کے انتخابات میں کانگریس پارٹی شاندار کامیابی حاصل کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ 6 ضمانتوں کے علاوہ دیگر انتخابی وعدوں کو پورا کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عوام کا دل جیت لیا ہے ۔ کانگریس حکومت کی کارکردگی سے اپوزیشن جماعتیں بی آر ایس اور بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ۔ عوام میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لیے چیف منسٹر اور کانگریس حکومت کے خلاف تنقید برائے تنقید کرتے ہوئے سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں مگر کبھی بھی وہ اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے ۔۔ 2