صدر نشین وقف بورڈ کا دورہ عیدگاہ میر عالم

   

نماز عید الاضحی کے پیش نظر بہتر سے بہتر انتظامات کی ہدایت
حیدرآباد۔5۔جون۔(سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب سید عظمت اللہ حسینی نے آج عیدگاہ میر عالم کا دورہ کرتے ہوئے صلواۃ عیدالاضحی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ عید الاضحی کے لئے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات کریں۔صدرنشین وقف بورڈ کے دورہ ٔ عید گاہ میر عالم کے دوران متعلقہ رکن اسمبلی جناب محمد مبین ‘ نمائندہ کارپوریٹر جناب عبدالحنان ‘ کارپوریٹرس مقتدر بابا ‘ محمد عبدالقادر‘ محمد سلیم کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ عیدگاہ میر عالم میں نماز عید کے انتظامات کے سلسلہ میں کئے گئے ۔ اس موقع پر منتخبہ عوامی نمائندوں نے صدرنشین وقف بورڈ کو عیدگاہ کے اندرونی حصہ میں فرش کے انتظامات کو مکمل کروانے کی خواہش کی جس پر صدرنشین وقف بورڈ نے فوری طور پر اس بات کی ہدایت دی کہ مستقل فرش کے لئے جلد تخمینہ تیار کیا جائے گا۔ انہوںنے عارضی شامیانوں کی تنصیب کرنے والے ذمہ داروں کو تاکید کی کہ وہ جہاں تک ممکن ہوسکے وسیع حصہ کا احاطہ کریں۔ صدرنشین وقف بورڈنے عیدگاہ میں جاری انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے عید الاضحی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ وقف بورڈ کے ذریعہ جن عیدگاہوں میں انتظامات کئے جاتے ہیں معمول کے مطابق ان عیدگاہوں میں بہتر انتظامات کی تاکید کی جاچکی ہے۔ جناب سید عظمت اللہ حسینی نے عید الاضحی کے موقع پر خصوصی صفائی کے انتظامات کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کو ہدایت دی اور عامۃ المسلمین سے اپیل کی کہ وہ عیدالاضحی کے خشوع و خضوع کی برقراری کے لئے اپنے آس پاس کے علاقوں میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بناتے ہوئے مثال قائم کریں۔ انہو ںنے بتایا کہ عیدگاہ میرعالم کے علاوہ قدیم عید گاہ مادننا پیٹ کے اطراف و اکناف مصلیوں کی سہولت کے لئے صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جا ئیں گے علاوہ ازیں نماز عید کے دوران کسی بھی طرح کی مشکل درپیش نہ ہواس کے لئے عیدگاہ میر عالم پر تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کا خصوصی کیمپ لگایا جائے گا جہاں سے دیگر متعلقہ محکمہ جات کے ساتھ تال میل کے ذریعہ نماز عید کے انتظام کئے جائیں گے۔3