’صدر ٹرمپ ،میں آپ سے نہیں ڈرتا‘، فلسطینی طالب علم

   

واشنگٹن :کولمبیا یونیورسٹی کے فلسطینی طالب علم محسن مہدوی کو امریکی عدالت نے ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔ امریکی ڈسٹرکٹ جج جیفری کرافورڈ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ’محسن مہدوی عوام کیلئے خطرہ نہیں ہیں۔ روئٹرز کے مطابق محسن مہدوی نے جیل سے نکلنے کے بعد کہا کہ ’میں صدر ٹرمپ اور ان کی کابینہ سے واضح اور بلند آواز میں کہہ رہا ہوں کہ میں آپ سے نہیں ڈرتا۔‘انہوں نے عدالتی فیصلے کے حوالے سے کہا کہ ’یہ امریکہ کے نظام انصاف میں اُمید اور یقین کی روشنی ہے۔‘محسن مہدوی کی رہائی ٹرمپ انتظامیہ کی فلسطینی حامی غیر ملکی یونیورسٹی کے طلباء کو ملک بدر کرنے کی کوششوں کیلئے ایک دھچکا ہے اگرچہ دیگر طلباء تاحال جیل میں ہیں۔
ٹرمپ انتظامیہ کے حکام نے کہا ہے کہ سٹوڈنٹ ویزا اور گرین کارڈ ہولڈرز کو فلسطینیوں کی حمایت اور غزہ کی جنگ میں اسرائیل کے طرزِ عمل پر تنقید کے باعث ملک بدری کا سامنا کرنا ہوگا۔محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کی ترجمان ٹریسیا میک لافلن کا کہنا ہے کہ محسن مہدوی کا گرین کارڈ پر امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے کا استحقاق چھین لیا جانا چاہیے۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’جب آپ تشدّد کی وکالت کرتے ہیں، امریکیوں کے قتل کو پسند کرنے والے دہشت گردوں کی تعریف اور حمایت کرتے ہیں اور یہودیوں کو ہراساں کرتے ہیں، تو یہ استحقاق ختم کر دیا جانا چاہیے، اور آپ کو اس ملک میں نہیں ہونا چاہیے۔‘ٹریسیا میک لافلن نے مزید کہا کہ ’کوئی جج ہمیں ایسا کرنے سے نہیں روکے گا۔‘ ٹرمپ کے ناقدین نے اس اقدام کو امریکی آئین کی پہلی ترمیم کے تحت اظہار رائے کی آزادی پر حملہ قرار دیا ہے۔