واشنگٹن، 26 مارچ (یو این آئی) وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولائن لیوٹ نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ ایران میں مزید اموات اور تباہی نہیں دیکھنا چاہتے ، ایرانی قیادت کو چاہیے کہ شکست تسلیم کرتے ہوئے جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی خواہشات کو ختم کر دے۔ چہارشنبہ کے روز وائٹ ہاؤس میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیرولائن لیوٹ نے کہا کہ ایران کے خلاف فوجی اہداف کو تقریباً مکمل کر لیا گیا ہے ۔ ایران کے ساتھ مذاکرات سے متعلق سوالات پر کیرولائن لیوٹ نے وضاحت کی کہ وہ مفروضوں پر مبنی سوالات کے جوابات نہیں دے سکتیں اور مذاکرات میں شامل شخصیات کی معلومات حساس ہونے کی وجہ سے فوری طور پر فراہم نہیں کی جا سکتیں۔ انھوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی ترجیحات میں ایران میں ایسی قیادت دیکھنا شامل ہے جو امریکہ کے ساتھ دشمنی پر مبنی اقدامات نہ کرے ۔ کیرولائن لیوٹ نے کہا کہ ایران کی موجودہ قیادت ایسی نہیں ہونی چاہیے جو امریکہ کو موت کی دھمکیاں دے ۔ میڈیا سے بھی تاکید کی گئی کہ ایران کے ساتھ مذاکرات پر مفروضوں پر مبنی خبریں پھیلانے سے گریز کیا جائے ۔ پریس کانفرنس میں ایران کے خلاف حالیہ فوجی کارروائیوں کا بھی تفصیلی ذکر کیا گیا۔ کیرولائن لیوٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ ایران کے دفاعی اور جنگی صلاحیت کو محدود کرنے کیلئے سرگرم ہے ۔ گزشتہ تین ہفتوں میں ایران کے تقریباً 9000 اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جس سے میزائل اور ڈرون حملوں میں 90 فی صد کمی آئی ہے ۔ ایران کے 140 نیوی جہازوں اور 50 سمندری بارودی کشتیوں کو تباہ کیا گیا، جب کہ زیر زمین جنگی ساز و سامان، جس میں اینٹی میزائل اور لانچنگ سسٹمز شامل تھے ، پر 5000 پاؤنڈ وزنی بم گرایا گیا۔ ان کارروائیوں کو ورلڈ وار ٹو کے بعد نیوی کے خلاف سب سے بڑی جنگی کارروائی قرار دیا گیا ہے ۔ کیرولائن لیوٹ کے مطابق امریکہ اور اتحادیوں کیلئے ایران سے لاحق خطرات میں واضح کمی آچکی ہے ، ایران کا جوہری ہتھیار بنانے کا منصوبہ ختم ہو چکا ہے اور اس کی دفاعی صلاحیت محدود ہو رہی ہے ۔ آبنائے ہرمز میں موجود خطرات کو ختم کرنے کیلئے امریکی فوج مکمل فوکس کے ساتھ سرگرم ہے ۔
کیرولائن لیوٹ نے کہا کہ ایران اب مذاکرات کرنے کیلئے تیار ہے اور صدر ٹرمپ اس کی بات سننے کیلئے تیار ہیں۔ ایران کے ساتھ بامعنی مذاکرات جاری ہیں، اسی وجہ سے صدر ٹرمپ نے ایران کے پاور پلانٹ اور توانائی سیکٹر پر حملوں کو عارضی طور پر معطل رکھا ہے ۔ انھوں نے واضح کیا کہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی خواہشات ختم کرنی ہوں گی اور امریکہ و اتحادیوں کو دھمکیاں دینا بند کرنی ہوں گی۔ اگر ایران یہ بات نہ سمجھے کہ وہ پہلے ہی شکست کھا چکا ہے ، تو صدر ٹرمپ ایسی سخت کارروائیوں کا حکم دے سکتے ہیں جو پہلے کبھی نہیں دیکھی گئیں۔ صدر ٹرمپ مئی 14 اور 15 کو بیجنگ کا دورہ کریں گے ۔ امیگریشن اہلکاروں کو ایئرپورٹس پر تعینات کرنے کا مقصد مسافروں کی مشکلات کو کم کرنا ہے ۔ کیرولائن لیوٹ نے پاکستان میں ایران کے ساتھ مذاکرات کے امکان پر کہا کہ اس حوالے سے کافی رپورٹنگ سامنے آئی ہے ، تاہم وائٹ ہاؤس سے سرکاری بیان کا انتظار کیا جانا چاہیے ۔ کیرولائن لیوٹ نے اختتام پر زور دیا کہ صدر ٹرمپ ہمیشہ امن کو ترجیح دیتے ہیں اور مزید اموات و تباہی نہیں چاہتے ، تاہم ایران کی آخری غلطیوں نے اسے اپنی سینئر قیادت، نیوی، ایئر فورس اور دفاعی نظام سے محروم کر دیا ہے ، جس کے پیش نظر امریکہ کی جانب سے ممکنہ سخت کارروائیوں کے اثرات سے ایران کو کسی بھی طرح کی غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے ۔
ایرانی قیادت معاہدہ سے انکار کرے تو مرے گی:ٹرمپ
واشنگٹن، 26 مارچ (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اب مذاکرات کر رہا ہے اور بے تابی سے ڈیل چاہتا ہے ۔ امریکی صدر ٹرمپ نے واشنگٹن میں ریپبلکنز پارٹی کی اہم تقریب سے خطاب میں کہا کہ ایران ڈیل چاہتا ہے لیکن بولنے سے ڈر رہا ہے ، ایرانی قیادت ڈیل کا بولے گی تو اپنے لوگوں کے ہاتھوں مرے گی اور اس کو ڈر ہے اگر ڈیل سے انکار کیا تو ہمارے ہاتھوں مرے گی۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ایران میں کوئی ایسا نہیں جو سپریم لیڈر بننے کیلئے تیار ہو، کوئی بھی قیادت کی بجائے بے روزگار رہنا پسند کرے گا، ایک نے کہا کہ میں سپریم لیڈر نہیں بننا چاہتا، ایسے ہی ٹھیک ہوں۔ انھوں نے کہا فیک نیوز کو دیکھیں تو ایسا لگتا ہے ہم جنگ ہار رہے ہیں، لیکن ہم نے ایران کی فضائیہ اور نیوی سمیت سب کچھ تباہ کر دیا ہے ، اس کے پاس کچھ نہیں لیکن فیک نیوز غلط بتاتا ہے ، میرے خلاف 94 فی صد منفی خبریں چلائی گئیں لیکن پھر بھی الیکشن جیت گیا تھا۔ ٹرمپ نے کہا ایئرپورٹس پر آئس کی تعیناتی سے فلائٹس تاخیر کا معاملہ حل کر لیا ہے ، ضرورت پڑی تو ایئرپورٹس کو فعال رکھنے کیلئے نیشنل گارڈز بھیجیں گے ، ڈیموکریٹس نے شٹ ڈاؤن کر کے ایئرپورٹس کو متاثر کیا، ہوم لینڈ سیکیورٹی کو فنڈنگ نہ ملنے کے باعث ٹی ایس اے عملہ چھٹیوں پر گیا۔ امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ وہ مڈ ٹرم الیکشن بھاری اکثریت سے جیت جائیں گے ، ڈیموکریٹ پارٹی کرمنلز اور فراڈ کرنے والوں کی حامی ہے ، اوباما اور بائیڈن امریکہ کو تباہی کی طرف لے کر گئے تھے ۔