واشنگٹن :اسپیکر نینسی پیلوسی نے امریکی صدر ٹرمپ کو پاگل قرار دے دیا اور انہیں اقتدار سے نکالنے کی تیاریاں بھی شروع کردی گئی ہیں۔امریکی پارلیمنٹ پر حملے میں مبینہ کردار ادا کرنے پر ڈونلڈ ٹرمپ کو عہد صدارت کے آخری ایام میں مواخذے کا خطرہ لاحق ہے۔ڈیموکریٹس کی جانب سے امریکی صدر کے خلاف چار صفحات پر مشتمل مواخذے کا مسودہ تیار کر لیا گیا جسے پیرکو ایوان نمائندگان میں پیش کیا جائے گا۔مسودے میں کہا گیا ہیکہ ٹرمپ قومی سلامتی کے لیے بڑا خطرہ ہیں انہیں جلد عہدے سے برطرف کیا جائے۔اسپیکر نینسی پیلوسی کا کہنا ہے کہ انہوں نے چیئرمین آف دی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف مارک ملی سے ملاقات کی ہے جس میں غیر متوازن صدر کی ایٹمی کوڈ تک رسائی سمیت انتہائی حساس معاملات پر گفتگو ہوئی۔ نینسی پیلوسی کا کہنا تھا کہ ایک پاگل صدر کو حاصل غیر معمولی اختیارات امریکی قوم کے لیے خطرے کا باعث بن سکتے ہیں۔دوسری جانب نومنتخب صدر جوبائیڈن نے ٹرمپ کی جانب سے ان کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہ کرنے کے بیان کو خوش آئند قرار دیا۔ صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے بائیڈن کا کہنا تھا کہ یہ ان چند باتوں میں سے ایک ہے جس پر وہ ٹرمپ سے اتفاق کرتے ہیں۔اسپیکر پیلوسی اور صدر ٹرمپ کے مابین ابتداء ہی سے تعلقات تلخ رہے ہیں ۔ پیلوسی نے ہمیشہ ٹرمپ کے رویہ پر تنقید کی ہے ۔
ٹرمپ نے فوری استعفیٰ نہ دیا تو مواخذہ کیا جائیگا: پیلوسی
مواخذے کے ذریعہ صدر کو فوری ہٹانے کئی کانگریسی ارکان کی حمایت
واشنگٹن: امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے کہا ہیکہ اگر صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے فوری استعفیٰ نہ دیا تو ان کا مواخذہ کیا جائیگا۔اسپیکر نینسی پلوسی کاکہنا تھا کہ اگر امریکی صدر ٹرمپ فوری طور پر استعفیٰ نہیں دیتے تو ایوان کیپیٹل ہل واقعے کی حوصلہ افزائی کرنے پر ان کے مواخذے کی تحریک پر کارروائی شروع کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ایوان نمائندگان کے ممبران کو امید ہے کہ ٹرمپ فوری استعفیٰ دیں گے لیکن وہ ایسا نہیں کرتے تو میں نے ایک رولز کمیٹی تشکیل دی ہے جو کانگریس رکن جیمی راسکن کے ساتھ مل کر صدر کے مواخذے کے لیے 25 ویں ترمیم کی قانون سازی کے تحت تحریک پیش کرنے کی تیاری کریگی۔اسپیکر کا کہنا تھا کہ ایوان کے پاس ٹرمپ کو ہٹانے کیلئے 25 ویں ترمیم، مواخذے کی تحریک اور قرارداد سمیت ہر آپشن موجود ہے۔دوسری جانب کانگریس کی خاتون رکن پرمیلا جے پال نے بھی مطالبہ کیا کہ صدر کے مواخذے کی کارروائی فوری شروع کی جانی چاہیے اور اسے ابھی کرنا چاہیے۔کانگریس رکن کیلی کاہلے نے بھی 25 ویں ترمیم یا مواخذے کے ذریعے صدر کو فوری ہٹانے کی بھرپور حمایت کی۔انہوں نے کہا کہ وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ کا ہر دن امریکہ کیلئے انتہائی غیر محفوظ ہے۔