صدر ٹرمپ کا مواخذہ، عدالتی کمیٹی کی رائے دہی ملتوی

   

واشنگٹن ۔ 13 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی کانگریس کے ایوانِ نمائندگان کی عدالتی کمیٹی نے صدر ٹرمپ کے مواخذے کی شقوں پر بحث مکمل کر لی ہے۔ یہ بحث گزشتہ روز 14 گھنٹے تک جاری رہی۔ طویل بحث کے بعد عدالتی کمیٹی کا اجلاس بغیر ووٹنگ کے ملتوی کر دیا گیا۔ اب کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو کی صبح ہو گا۔ اس اجلاس میں ووٹنگ کے ذریعے فیصلہ کیا جائے گا کہ صدر کے مواخذے کی طے کردہ دو شقوں کو ایوانِ نمائندگان میں مزید بحث اور منظوری کے لیے بھیجا جائے یا نہیں۔ کمیٹی کی منظوری کے بعد ایوان میں ان شقوں پر بحث اگلے ہفتے شروع ہونے کا قوی امکان ہے۔ ایوانِ نمائندگان کی منظوری کے بعد ان شقوں کو سینیٹ میں زیر بحث لایا جائے گا۔