صدر ٹرمپ کا 10 فیصد کا نیا عالمی ٹیرف نافذ کرنے کا اعلان

,

   

ججس کے فیصلے انتہائی شرم ناک اورمایوس کن تھے، ہمارے پاس دیگر طاقتور متبادل موجود

واشنگٹن ۔ 21 فروری (ایجنسیز) امریکی صدر نے ملکی سپریم کورٹ کے فیصلے پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ متبادل کے طور پر 10 فیصد کا عالمی ٹیرف نافذ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ امریکی سپریم کورٹ نے جمعے کو صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے وسیع پیمانے پر عائد عالمی ٹیرفس کو مسترد کرنے کا اعلان کیا، جس سے ٹرمپ کے معاشی ایجنڈے کو شدید دھچکا لگا ہے۔ اس فیصلے پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایک متبادل کے طور پر عالمی سطح پر 10 فیصد ٹیرف عائد کریں گے، جبکہ اپنی تجارتی پالیسیوں کو دوسرے ذرائع سے آگے بڑھائیں گے۔ یہ نئے ٹیرف ایک ایسے قانون کے تحت نافذ کیے جائیں گے، جو انہیں صرف 150 دنوں تک محدود رکھتا ہے۔ ٹرمپ نے یہ اعلان سپریم کورٹ پر تنقید کرتے ہوئے کیا، جس نے ان کے وسیع ٹیرف ڈھانچے کو ایمرجنسی پاور کا غیر قانونی استعمال قرار دے کر مسترد کر دیا تھا۔ انہوں نے فیصلے میں شامل ججوں کو ’’قابل شرم‘‘ قرار دیا اور فیصلے کو ’’انتہائی مایوس کن‘‘ کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ غلط ہے۔ لیکن اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ ہمارے پاس بہت طاقتور متبادل موجود ہیں۔دوسری جانب امریکی کسانوں نے صدر ٹرمپ سے کوئی مختلف راستہ اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ امریکن فارم بیورو فیڈریشن کے صدر زپی ڈووال نے کہا کہ کسان ٹرمپ کی کوششوں کو سمجھتے ہیں کہ ٹیرفس کے ذریعہ ’’امریکی اشیا، امریکی مزدوروں اور امریکی معیشت کے لیے زیادہ منصفانہ میدان ہموار کیا جائے‘‘ لیکن انہوں نے انتظامیہ سے کوئی دوسرا راستہ اختیار کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے بیان میں کہا کہ بدقسمتی سے پہلے ہی تجارتی خلل اور زرعی اشیا کی قیمتوں میں کمی نے کسانوں کے لیے مزید مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ امریکی ایشین بزنس کونسل کے سربراہ برائن میک فیٹرز نے جمعہ کو کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے ’’غیر یقینی اور الجھن‘‘ میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ دریں اثنا ٹینیسی سویابین اسوسی ایشن، جو قومی اسوسی ایشن کی ریاستی شاخ ہے، نے ٹرمپ سے زرعی مصنوعات پر ٹیرف عائد کرنے کے دیگر اختیارات استعمال نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ اس اسوسی ایشن کے مطابق سویابین کاشتکاروں کے لیے حفاظتی کیمیکلز، فارم آلات، بیج اور ایندھن جیسی زرعی اشیاء انتہائی اہم ہیں اور ان کی قیمتوں میں اضافہ سے کسان مزید پریشانیوں کا شکار ہو جائیں گے۔

ہندوستان پر اب صرف 10 فیصد عارضی امریکی ٹیرف
ہندوستان میں امریکہ کو ٹیکس فری موقف برقرار‘ٹرمپ کا جنگ رکوانے کا اعادہ