صدر ٹرمپ کی آج سے انتخابی مہم میں شرکت متوقع

,

   

Ferty9 Clinic

واشنگٹن ۔ کورونا پازیٹیو ہوکر وائیٹ ہاوز واپس ہونے کے چند دن بعد ہی صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخاب کیلئے مہم میں حصہ لینے کا ارادہ ظاہر کیا ہے جبکہ ان کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ اب وہ عوامی زندگی میں واپسی کرسکتے ہیں۔ 74 سالہ ڈونالڈ ٹرمپ اور خاتون اول میلانیہ ٹرمپ گذشتہ ہفتے کورونا پازیٹیو قرار پائے تھے ۔ صدر امریکہ کو علاج کیلئے ملٹری ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا اور وائیٹ ہاوز کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک احتیاط تھی ۔ چار دن دواخانہ میں قیام کے بعد ٹرمپ پیر کو وائیٹ ہاوز واپس آگئے ۔ ان کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ جمعہ کے بعد سے انہیں کوئی بخار نہیں ہے ۔ وائیٹ ہاوز کے فزیشن ڈاکٹر سین کانلے نے جمعرات کی رات کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے کورونا کے علاج کیلئے درکار علاج کروالیا ہے جو ان کے فزیشنس کی ٹیم نے تجویز کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ وائیٹ ہاوز واپسی کے بعد سے ان کی فزیکل معائنوں کی رپورٹ مستحکم ہے اور علالت کی کوئی علامت نہیں ہے ۔ بحیثیت مجموعی علاج اثر کر رہا ہے ۔ ہفتے کو علاج کا 10 واں دن ہوگا اور جو تشخیص کی گئی ہے اس کے مطابق صدر امریکہ اب عوامی زندگی میں واپسی کرنے کیلئے تیار ہیں اور اپنا کام کاج انجام دے سکتے ہیں۔ ٹرمپ نے بھی فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بھی اچھا محسوس کر رہے ہیں ۔