نیویارک ۔ 7 جولائی (ایجنسیز) امریکی صدر ٹرمپ نے برکس کے ساتھ ہم آہنگ ہونے والے ممالک کے خلاف دس فیصد اضافی ٹیرفس کا اعلان کیا ہے۔ ادھر اس بلاک کے قائدین نے سربراہی اجلاس کے دوران امریکی ٹیرفس پالیسی پر تنقید کی ہے۔ ترقی پذیر ممالک کے وسیع تر ہوتے گروپ برکس کے قائدین نے اتوار کے روز برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں ملاقات کی، جس میں کثیرالجہتی سفارت کاری کے لیے بلاک کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اپنے افتتاحی کلمات میں برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا نے کہا، ہم کثیرالجہتی کے بے مثال خاتمہ کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر بین الاقوامی طرز حکمرانی 21ویں صدی کی نئی کثیر قطبی حقیقت کی عکاسی نہیں کرتی ہے، تو پھر یہ برکس پر منحصر ہے کہ وہ اس کی تجدید میں مدد کرے۔ انہوں نے ناٹو فوجی اتحاد پر بھی تنقید کی اور الزام لگایا کہ اس نے گزشتہ ماہ کے اواخر میں جی ڈی پی کے 5 فیصد دفاعی اخراجات کا ہدف مقرر کرنے کے بعد اسلحے کی عالمی دوڑ کو ہوا دی ہے۔