واشنگٹن ۔ 15 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے مواخذے سے متعلق کوششیں ایک مرتبہ پھر زور پکڑتی دکھائی دے رہی ہیں۔ اور یہ سب کچھ ایسے موقع پر ہورہا ہے جب دو ہفتے کی تعطیلات کے بعد کانگریس کا اجلاس منگل سے دوبارہ شروع ہونے جا رہا ہے۔تاہم کانگریس کے کچھ ارکان ان تعطیلات کے دوران دارالحکومت واشنگٹن میں موجود رہے اور ایوان نمائندگان کی تین کمیٹیوں نے صدر کے مبینہ مواخذے سے متعلق اپنی تحقیقات جاری رکھیں۔ اس دوران انہوں نے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ سمیت مختلف اداروں کے اہل کاروں کو شہادتوں کے لیے سمن جاری رکھے۔ڈیمو کریٹک پارٹی کے ارکان کانگریس صدر ٹرمپ کی گزشتہ جولائی میں یوکرین کے نئے صدر ولادیمیر زیلینسکی سے فون پر ہونے والی بات چیت کے بارے میں تحقیقات کر رہے ہیں جس میں مبینہ طور پر صدر ٹرمپ نے یوکرین کے ہم منصب سے سابق نائب صدر جو بائیدن اور اْن کے بیٹے کے خلاف کاروباری بے ضابطگیوں کے حوالے سے تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔جوبیڈن ڈیموکریٹک پارٹی کے کلیدی صدارتی امیدواروں میں سے ایک ہیں۔تاہم جوبیڈن یا اْن کے بیٹے کے خلاف امریکہ میں یا یوکرین میں کسی کاروباری بے ضابطگیوں کے بارے میں اب تک کوئی ثبوت سامنے نہیں آئے ہیں۔ڈیموکریٹک پارٹی کا کہنا ہے کہ وہ اس بارے میں تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا صدر ٹرمپ نے یوکرین کے صدر سے بات کرتے ہوئے آئندہ صدارتی انتخاب میں اپنے سیاسی حریف جوبیڈن کے کردار پر بقول اس کے کیچڑ اچھالنے کے لیے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے یا نہیں۔منگل کے روز امریکی کانگریس کا اجلاس دوبارہ شروع ہونے کے بعد تحقیقات میں تیزی آنے کا امکان ہے۔