اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان میں فلسطین کے سفارتخانہ کا دورہ کیا اور اسرائیل کے ہاتھوں اندھا دھند قتل عام کا نشانہ بننے والے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی بربریت اور اس کے غیر متناسب ردعمل میں ہزاروں بے گناہ افراد کی شہادت کی مذمت کرے۔ صدر مملکت نے فوری جنگ بندی اور خوراک، بجلی اور پانی سے محروم لوگوں تک امداد بھیجنے کیلئے ایک انسانی راہداری کھولنے کا مطالبہ کیا۔ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے جمعرات کو اسلام آباد میں فلسطین کے سفیر احمد جواد ربیعی سے بھی ملاقات کی اور پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔