صدر پردیش کانگریس کے عہدہ پر ایک سالہ کارکردگی سے مطمئن ہوں: مہیش کمار گوڑ

   

پارٹی کا استحکام اور فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہنچانا اولین ترجیح، سماجی انصاف کی بنیاد پر جوبلی ہلز کے امیدوار کا انتخاب ہوگا
حیدرآباد ۔ 15 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ تلنگانہ میں پارٹی کا استحکام اور حکومت کی فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہنچانا ان کی اولین ترجیح ہے۔ صدر پردیش کانگریس کے عہدہ پر ایک سال کی تکمیل کے بعد اپنی ایک سالہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ پارٹی کی صدارت ان کی زندگی کا اہم ترین موڑ ہے ۔ مہیش کمار گوڑ نے گزشتہ سال 15 ستمبر کو پردیش کانگریس کی صدارت کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔ میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ انہوں نے ہائی کمان کی جانب سے دی گئی ذمہ داری کو مکمل سنجیدگی کے ساتھ نبھانے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں ملک کو انگریزی سامراج سے آزادی دلائی تھی اور ایسی عظیم پارٹی سے وابستگی پر مجھے فخر ہے۔ مہیش کمار گوڑ سیاسی خاندان سے تعلق نہیں رکھتے اور انہوں نے پارٹی کے لئے این ایس یو آئی، یوتھ کانگریس اور دیگر شعبہ جات میں اپنی نمایاں کارکردگی کے ذریعہ پردیش کانگریس کی صدارت تک پہنچے ہیں۔ انہوں نے زمانہ طالب علم میں این ایس یو آئی کے ذریعہ اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا تھا ۔ پارٹی کیلئے میری خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ہائی کمان نے مجھے یہ اہم ذمہ داری دی ہے۔ پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے مہیش کمار گوڑ کو پارٹی کی صدارت کی ذمہ داری دے کر کانگریس پارٹی نے کمزور طبقات کو قریب کرنے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے محنت اور لگن سے کام کرنے والے قائدین اور کارکنوں کی خدمات کا اعتراف کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کو قانونی شکل دینے تک جدوجہد جاری رہے گی۔ ریونت ریڈی نے پردیش کانگریس کے پریسیڈنٹ اور صدر پردیش کانگریس کے عہدوں پر خدمات انجام دیں اور انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کے بعد انہیں چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بی سی تحفظات کے لئے اسمبلی اور کونسل میں دو مرتبہ بلز کو منظوری دی گئی لیکن مرکزی حکومت سے کلیئرنس کا انتظار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کاما ریڈی ڈکلیریشن کے مطابق کانگریس پارٹی نے مجالس مقامی کے علاوہ تعلیم اور روزگار میں بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے ۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ جوبلی ہلز کے ضمنی چناؤ میں کانگریس پا رٹی کی کامیابی یقینی ہے ۔ پارٹی امیدوار کے انتخاب کے لئے سرگرمیاں جاری ہیں اور سماجی انصاف کو پیش نظر رکھتے ہوئے امیدوار کا انتخاب کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے کالیشورم تحقیقات سی بی آئی کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور کانگریس حکومت نے سی بی آئی کو تحقیقات کیلئے مکتوب روانہ کیا ہے ۔ بی جے پی قائدین کو چاہئے کہ وہ سی بی آئی کے ذریعہ کالیشورم پراجکٹ میں بے قاعدگیوں کی عاجلانہ تحقیقات کو یقینی بنائیں۔1