حیدرآباد۔/6اکٹوبر، ( سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی صدر سونیا گاندھی نے سابق رکن پارلیمنٹ اور پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ انجن کمار یادو کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ سونیا گاندھی نے اپنے مکتوب میں لکھا کہ مجھے مانکیم ٹیگور سے اس بات کی اطلاع ملی کہ آپ کو ہاسپٹل میں شریک کیا گیا جہاں کوویڈ کا علاج جاری ہے۔ مجھے امید ہے کہ آپ کی حالت بہتر ہوگی۔ آپ کی عاجلانہ صحت یابی کیلئے میں نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہوں۔ سونیا گاندھی کا یہ مکتوب انجن کمار یادو کی قیامگاہ واقع پرانا پل کے پتہ پر پہنچا۔ واضح رہے کہ انجن کمار یادو کورونا کے علاج کے سلسلہ میں اپولو ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں اور حالت میں بتدریج سدھار ہورہا ہے۔ جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور نے گزشتہ دنوں انجمن کمار یادو کی عیادت کے بعد نئی دہلی میں صدر کانگریس سونیا گاندھی کو صحت کے بارے میں واقف کرایا۔ اے آئی سی سی کے کئی قائدین نے ٹیلی فون پر انجن کمار کی صحت کے بارے میں ان کے فرزند انیل کمار سے بات چیت کی۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے انجن کمار کی عیادت کی اور ڈاکٹرس سے صحت کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ ڈاکٹرس نے بتایا کہ صحت میں تیزی سے بہتری آرہی ہے اور بہت جلد وہ صحت یاب ہوکر گھر واپس ہوں گے۔ ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم انجن کمار یادو کی صحت کی نگرانی کررہی ہے۔ر