صدر کانگریس سونیا گاندھی کو 3 ارکان اسمبلی کا مکتوب

   

حقیقی کانگریسی وفادار کو پردیش کانگریس کی ذمہ داری دی جائے
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں پردیش کانگریس کے صدر کے تقرر سے متعلق نئی دہلی میں سرگرمیوں کے دوران 3ارکان اسمبلی نے صدر کانگریس سونیا گاندھی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کانگریس اور گاندھی خاندان کے وفادار شخص کو عہدہ پر فائز کرنے کی اپیل کی۔ ارکان اسمبلی پی ویریا، ڈی سریدھر بابو اور جگا ریڈی نے سونیا گاندھی کو مکتوب میں لکھا کہ ہم پردیش کانگریس کی صدارت پر کسی وفادار کانگریسی کے تقرر کی اپیل کرتے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ جس کسی کا تقرر کیا جائے اس کا پس منظر کانگریس کے نظریات کے ماننے والے کی حیثیت سے ہو اور وہ کانگریس کے نظریات پر ایقان رکھتا ہو۔ اس کے علاوہ پردیش کانگریس کا نیا صدر گاندھی خاندان کا وفادار ہونا چاہیئے۔ بتایا جاتا ہے کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے نئے صدر کے انتخاب کیلئے سینئر قائدین سے مشاورت کی ہے اور انچارج جنرل سکریٹری مانکیم ٹیگور ایم پی کی رپورٹ کی بنیاد پر کسی بھی وقت نام کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔ اسی دوران بعض سینئر قائدین نے نئے صدر کے اعلان سے قبل مبصر کو تلنگانہ روانہ کرنے کی درخواست کی تاکہ سینئر قائدین سے رائے حاصل کی جاسکے۔ پارٹی ہائی کمان نے اس درخواست کو مسترد کردیا اور واضح کیا کہ انچارج جنرل سکریٹری نے وسیع تر مشاورت کی ہے اور مزید مشاورت کی کوئی گنجائش نہیں۔ سابق صدر پردیش کانگریس ہنمنت راؤ نے سونیا گاندھی کو ایک اور مکتوب روانہ کیا جس میں اتم کمار ریڈی اور بھٹی وکرامارکا پر تنقید کی گئی۔