دیڑھ سال کی تکمیل پر ریونت ریڈی حکومت کی کارکردگی کا جائزہ
حیدرآباد ۔ 26۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس حکومت کے دیڑھ سال کی تکمیل پر صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ملکارجن کھرگے 4 جولائی کو حیدرآباد پہنچیں گے و کانگریس کی مختلف کمیٹیوں میں شامل قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے حکومت کی کارکردگی بالخصوص فلاحی و ترقیاتی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیں گے ۔ ذرائع کے مطابق صدر کانگریس پولیٹیکل افیرس کمیٹی سے ملاقات کریں گے جس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا اور پارٹی کے سینئر قائدین شامل ہیں۔ اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کے ساتھ پولیٹیکل افیرس کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائیگا۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدور اور جنرل سکریٹری کے علاوہ ضلع کانگریس صدور سے بھی کھرگے کی ملاقات کا امکان ہے۔ کانگریس نے اسمبلی انتخابات سے قبل عوام سے جو وعدے کئے تھے، ان کی تکمیل کا جائزہ لیا جائے گا۔ چیف منسٹر اور ریاستی وزراء کی کارکردگی کا بھی ملکارجن کھرگے جائزہ لیں گے۔ حکومت کی دیڑھ سال کی تکمیل پر صدر کانگریس کا مجوزہ دورہ حیدرآباد اہمیت کا حامل ہیں۔ پنچایت راج اداروں کے انتخابات اور پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کے علاوہ ریاستی کابینہ میں سماجی انصاف کے مطابق نمائدنگی کا بھی ملکارجن کھرگے جائزہ لیں گے ۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے ملک بھر میں جئے باپو ، جئے بھیم اور جئے سمویدھان مہم کا آغاز کیا ہے۔ تلنگانہ میں دیہی سطح پر مہم کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ امید کی جارہی ہے کہ ملکارجن کھرگے کے دورہ کے موقع پر جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں کانگریس امیدوار کے حق میں مشاورت ہوگی۔1