صدر کل ہند کانگریس کمیٹی ملکارجن کھرگے کے عابد علی خاں سے دیرینہ تعلقات

   

ماضی میں حیدرآباد کی عابد منزل پر محمد علی سابقہ وزیر کرناٹک کے ساتھ ملاقات کا ذکر ، عامر علی خاں کی ملاقات پر یادیں تازہ
حیدرآباد۔3۔جولائی (سیاست نیوز) صدر کل ہند کانگریس کمیٹی جناب ملکارجن کھرگے نے ادارہ ’سیاست ‘ اور بانی روزنامہ سیاست عابد علی خان مرحوم سے اپنی دیرینہ رفاقت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ جب بھی کرناٹک کے وزیر جناب محمد علی صاحب کے ہمراہ حیدرآباد آتے تو جناب عابد علی خان کے مکان ’’عابد منزل ‘‘ میں ان سب کی ملاقات ہوا کرتی تھی۔جناب ملکارجن کھرگے نے آج نیوزایڈیٹر سیاست و رکن قانون سازکونسل جناب عامر علی خان سے ملاقات کے دوران ان یادوں کو تازہ کیا۔صدر آل انڈیا کانگریس کے خیر مقدم کے دوران ہوئی اس ملاقات کے وقت چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی ‘ صدر پردیش کانگریس تلنگانہ مسٹر مہیش کمار گوڑ‘ رکن پارلیمنٹ ملو روی‘ سینیئرکانگریس قائد مسٹر گردیپ سنگھ سپل‘ جناب سید عظمت اللہ حسینی صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ ‘ جناب مجاہد عالم خان نائب صدر پردیش کانگریس‘جناب طاہر سعدی ‘ جناب جاویدکانگریس قائد کے علاوہ دیگر کئی افراد اس موقع پر موجود تھے۔ صدر آل انڈیا کانگریس کمیٹی جناب ملکارجن کھرگے کی حیدرآباد آمد پرچیف منسٹر تلنگانہ مسٹر اے ریونت ریڈی‘محترمہ میناکشی نٹراجن ‘ مسٹر مہیش کمار گوڑ صدرپردیش کانگریس ‘ نے ائیر پورٹ پر ان کا خیر مقدم کیا جبکہ جناب عامر علی خان نے ہوٹل تاج کرشنا میں صدر پردیش کانگریس کی آمد پران سے ملاقات کرتے ہوئے گلدستہ پیش کیا۔جناب عامر علی خان سے ہوئی اس ملاقات کے دوران صدر پردیش کانگریس نے ادارہ ’سیاست ‘ سے ان کی دیرینہ رفاقت کا تذکرہ کرتے ہوئے سابق وزیر کرناٹک جناب محمد علی صاحب کے ہمراہ بانی روزنامہ سیاست عابد علی خان سے ہونے والی ملاقاتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ وہ عابد علی خان کے خاندان سے طویل مدت سے واقف ہیں۔3