صدر کووند نے وشوا بھارتی اسٹوپا گولڈ جوبلی کا افتتاح انجام دیا

,

   

راجگیر ( بہار ) 25 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے آج وشوا بھارتی اسٹوپا کی گولڈن جوبلی تقاریب کا آج یہاں افتتاح انجام دیا ۔ وشوا بھارتی اسٹوپا در اصل رتناگیری ہلز پر واقع ایک امن پگوڑا ہے ۔ یہ پگوڑا جاپان کے ایک بدھسٹ نے بنایا تھا جب ہیروشیما اور ناگاساکی پر نیوکلئیر بم گرائے گئے تھے ۔ اس جاپانی شہری کو مہاتما گاندھی کی تعلیمات میں سکون میسر آیا تھا ۔ رام ناتھ کووند صدر جمہوریہ کا عہدہ سنبھالنے سے قبل گورنر بہار کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے ۔ صدر جمہوریہ نے اپنے مختصر خطاب کا آغاز جاپانی منتر پڑھتے ہوئے کیا ۔ گورنر بہار فاگو چوہان ‘ چیف منسٹر نتیش کمار اور ڈپٹی چیف منسٹر سشیل کمار مودی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ وشوا بھارتی اسٹوپا دنیا بھر میں امن اور اتحاد پیدا کرنے کی علامت ہے اور اس سے عدم تشدد کو فروغ دیا جاتا ہے ۔ یہ سنگ بنیاد ہے جو اس وقت کے صدر جمہوریہ رادھا کرشنن نے 1965 میں رکھا گھا اور اس کا افتتاح چار سال بعد اس وقت کے صدر جمہوریہ وی وی گری کے ہاتھوں عمل میں آیا تھا ۔ رام ناتھ کووند نے کہا کہ جب وہ بہار کے گورنر تھے انہیں وشوا بھارتی اسٹوپا میں 2015 اور 2016 میں کئی تقاریب میں شرکت کرنے کا موقع ملا تھا ۔ 2018 میں بھی وہ مذاہب پر بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کیلئے یہاں آئے تھے ۔ انہوں نے اس موقع پر تقریب میں پڑوسی ممالک نیپال ‘ سری لنکا کے علاوہ ایشیا ‘ یوروپ اور امریکہ سے تعلق رکھنے والے بدھ مت کے ماننے والوں کا خیر مقدم کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے راج گیر میں تنازعات کی یکسوئی کے بین الاقوامی مرکز کے قیام کے اپنے منصوبہ کا تذکرہ کیا اور کہا کہ راج گیر ایک تاریخی مقام ہے جس کو سبھی مذاہب کے ماننے والے پسند بھی کرتے ہیں۔