صدقہ ، ہر بلا کو ٹالتا ہے، رمضان میں خصوصی توجہ کی تلقین

   

نرمل میں دعوت افطار کے موقع پر جناب انیس احمد خان کا خطاب، نمازوں کی پابندی پر زور

نرمل 6 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سید جلیل ازہر سینئر صحافی و اسٹاف رپورٹر روزنامہ سیاست کی جانب سے مقامی دفتر سیاست نرمل میں افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں الحاج عبدالرحمن مالک مدینہ ہوٹل، انیس احمد خان سینئر کانگریس قائد، محمد زاہد علی مالک آئی اے فنکشن ہال، ڈاکٹر عبدالمتین، محمد ذیشان علی کانگریس قائد، محمد بہاء الدین، شیخ شبیر، شیخ جبار این آر آئی و دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر انیس احمد خان سینئر کانگریس قائد نے کہاکہ ماہ رمضان میں بالخصوص غریب یتیم یسیر کا خاص خیال کریں بلکہ دل کھول کر صدقہ بھی دیا جائے۔ بے شک میرے نبی اکرم ﷺ نے کہا تھا کہ صدقہ ہر بلا کو ٹالتا ہے۔ بڑے بزرگ بھی بار بار کہتے ہیں کہ کیوں بیمار ہو کہ شکوہ کرتے ہو، صدقہ کرکے اپنا حساب برابر کرلیا کرو۔ کثرت سے عبادت اور نمازوں کی پابندی ضروری ہے بلکہ صدقہ کی طاقت پر بھی خصوصی توجہ ہر کسی کو کرنی چاہئے۔ صدقہ کے تعلق سے جناب انیس احمد خان سینئر کانگریس قائد نے بتایا کہ میرے علم میں ایک واقعہ ہے اس کو آپ قلمبند کریں تاکہ اس واقعہ سے متاثر ہوکر لوگ صدقہ کی حقیقی اہمیت کو سمجھ سکیں۔ واقعہ یوں ہے کہ مصر کا ایک تاجر جس کی عمر کوئی پچاس برس تھی ایک دینہ سینہ میں شدید تکلیف محسوس ہونے پر قاہرہ کے ایک بڑے دواخانہ میں علاج کے لئے رجوع ہوا تو ڈاکٹروں نے معذرت خواہی کرتے ہوئے اس تاجر کو یورپ جانے کا مشورہ دیا۔ تاجر جب یورپ پہونچا تو وہاں کے ڈاکٹر بائی پاس سرجری تو کردی لیکن یہ کیا کہ تم چند دن کے مہمان ہو۔ وہ تاجر قاہرہ واپس آگیا اور اپنے باقی دن گن گن کر گذارنے لگا۔ ایک دن وہ ایک دکان سے گوشت خرید رہا تھا، اس نے دیکھا کہ ایک عورت قصائی کے پھینکے ہوئے چربی کے ٹکڑوں کو جمع کررہی تھی۔ اس شخص نے عورت سے پوچھا یہ کررہی ہو، عورت نے جواب دیا صاحب گھر میں بچے گوشت کھانے کے لئے ضد کررہے ہیں اس لئے میں نے بچوں کی ضد کی خاطر یہ قدم اُٹھایا کیوں کہ اس چربی کے ساتھ تھوڑا بہت گوشت آجاتا ہے جس کو صاف کرکے پکالیتی ہوں۔ اس تاجر کی آنکھوں میں آنسو آگئے، اس نے سوچا کہ میری اتنی دولت کا کیا فائدہ میں تو چند دن کا مہمان ہوں، میری دولت اس غریب کے کام آجائے تو اس سے اچھا اور کیا، اس نے اسی وقت کافی سارا گوشت خرید کر دے دیا اور قصائی سے کہاکہ اس عورت کو پہچان لو اور جب بھی آئے اس کو گوشت دے دینا اور پیسہ مجھ سے لے لینا۔ اس واقعہ کے بعد وہ شخص اپنے روز کے معمولات میں مصروف ہوگیا۔ کچھ دن بعد اس کو دل کی تکلیف کا احساس نہ ہوا تو اس نے دوبارہ یورپ جاکر اپنا معائنہ کروایا تو رپورٹ کے مطابق جسم میں بیماری جڑ سے ختم ہوچکی تھی۔ ڈاکٹروں نے بڑی حیرانی سے پوچھا کہ آخر ایسا کیا کیا، تاجر کو وہ گوشت والی بیوہ یاد آگئی اور اس نے مسکرا کر کہا کہ علاج وہاں سے ہوا ہے کہ جس پر تم یقین نہیں رکھتے۔ بے شک میرے نبی کریم ﷺ نے فرمایا تھا کہ صدقہ ہر بلا کو ٹالتا ہے لہذا ہمیں ایسے واقعہ سے سبق لے کر دل کھول کر صدقہ کریں اور بلاؤں سے محفوظ رہیں۔