صدمہ کا شکار ماں نے کمسن بیٹی پر آتشی مائع ڈال دیا

   

نئی دہلی۔ 7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے صفدر جنگ ہاسپٹل کے باہر آج ایک خاتون نے اناؤ عصمت ریزی کا شکار لڑکی کیلئے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنی کمسن بیٹی پر آتشی مائع ڈال دیا۔ یہ واقعہ صفدر جنگ ہاسپٹل سے پوسٹ مارٹم کے بعد اناؤ عصمت ریزی کا شکار لڑکی کی نعش اترپردیش میں اس کے آبائی مقام لے جانے کے ایک گھنٹے بعد پیش آیا۔ میڈیا کے نمائندے اس موقع پر عوام کا ردعمل جاننے کی کوشش کررہے تھے کہ وہ خاتون انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرہ لگاتی ہوئی وہاں پہنچی اور اپنی کمسن لڑکی پر مشتبہ آتشی مائع ڈال دیا۔ پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے لڑکی کو بچا لیا اور انہیں اپنے ساتھ لے گئی۔خاتون نے بتایا کہ وہ حالیہ اناؤ واقعہ سے صدمہ کا شکار ہے اور لڑکی کی موت کی خبر سننے کے بعد صفدر جنگ ہاسپٹل آئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مشتبہ آتشی مائع کو جانچ کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔