حیدرآباد 6 جنوری ( این ایس ایس ) وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے آج کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کا مقصد ریاست میں صد فیصد خواندگی کو یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریاست تعلیم یافتہ افراد اس کیلئے آگے آئیں تو چیف منسٹر کا ’ ایچ ون ۔ ٹیچ ون ‘ کا نعرہ پورا ہوسکتا ہے ۔ وزیر موصوف نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس پروگرام کی تائید کریں اور ریاست میںخواندگی کی شرح کو بہتر بنانے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف تعلیم ‘ روزگار اور ملازمتوں کے ذریعہ ہی مواقع پیدا کئے جاسکتے ہیں۔ ہر تعلیم یافتہ نوجوان کو اس پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے نا خواندہ افراد کی مدد کرنے کی ضرورت ہے ۔ اگر تعلیم یافتہ افراد اس کی مدد کریں اور آگے آئیں تو یہ مقصد پورا ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بھی حکومت کے اس پروگرام کو کامیاب بنانے تعاون کرنا ہوگا ۔