صرف ترنمول کانگریس ہی بی جے پی کو سبق سکھا سکتی ہے :ممتا

   

مغربی بنگال میں کسی سے اتحاد نہ کرنے کا اشارہ، سیاسی حلقو ں میں قیاس آرائیاں

کولکاتا : ’’انڈیا‘‘ اتحاد کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کو لے کر قیاس آرائیوں کے درمیان آج چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے واضح لفظوں میں کہاکہ پورے ملک میں ’’انڈیا‘‘ اتحاد کام کرے گا۔ ترنمول کانگریس بنگال میں بی جے پی کا مقابلہ کرے گی کیونکہ صرف ترنمول کانگریس ہی بی جے پی کوسبق سکھا سکتی ہے ۔ ممتا کے اس بیان کے تناظر میں قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں کہ ممتا یہ واضح کرنا چاہتی ہیں کہ ملک بھر میں بی جے پی مخالف اتحاد ’’انڈیا‘‘ کے ساتھ ہیں مگر بنگال میں ترنمول کانگریس بی جے پی کے خلاف اپنے طور پر لڑے گی۔ یعنی کسی کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی۔ ترنمول کانگریس کے ایک گوشہ کے مطابق ممتا بنرجی بنگال میں ترنمول کو انڈیا اتحاد کی نمائندہ کے طور پر اُجاگر کرنا چاہتی ہیں۔ بہت سے لوگوں کے مطابق ترنمول کانگریس کی سربراہ اتحاد یا سیٹ کے سمجھوتے پر بات کرنے سے پہلے کانگریس پر دباؤ بنانا چاہتی ہیں۔ وہ یہ بتانا چاہتی ہیں کہ ترنمول کانگریس بنگال میں اتحاد کی محرک قوت ہے ۔ بی جے پی کو سبق سکھانے کے لیے ترنمول کانگریس ہی کافی ہے ۔ کیونکہ ممتا بنرجی نے کبھی یہ نہیں کہا کہ بنگال میں کوئی اتحاد نہیں ہوگا۔ سیٹ سمجھوتہ کے سوال پر ممتا بنرجی نے ہمیشہ کہا ہے کہ ریاست میں حقیقی اقتدار میں وہی پارٹی ہوگی جو متعلقہ ریاستوں میں اتحاد کے کنٹرول کریں گی۔اس کے نتیجہ میں بنگال میں ترنمول کانگریس اتحاد کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لینا چاہتی ہے ۔ ممتا بنرجی نے اس بات کو مزید واضح کیا۔ کئی دوسرے لوگوں کا کہنا ہے کہ ممتا بنرجی نے یہ کہہ کر کانگریس کو لچکدار رہنے کا پیغام دیا ہے کیونکہ اس دوران پردیش کانگریس کے صدر ادھیر چودھری دو پہاڑی لیڈروں ونے تمانگ اور اجے ایڈورڈ کے ساتھ راہول گاندھی سے ملنے گئے تھے ۔ بہت سے لوگوں کی سوچ کو دیکھ کر کانگریس نے دارجلنگ سیٹ پر لڑائی کی تیاری شروع کردی ہے ۔ تاہم ممتا بنرجی کے اس بیان کے بعد قیاس آرئیاں تیز ہوگئی ہیں۔گزشتہ ایک ماہ سے کانگریس اور ترنمول اتحاد کے بارے میں مختلف امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں۔ خود ممتا بنرجی نے کہاکہ انہوں نے راہول گاندھی سے انڈیا اتحاد اور سیٹوں کی تقسیم کو لے کر بات کی ہے ۔اس کے بعد کانگریس ذرائع نے بتایا کہ راہول کے ساتھ ممتا کی تین سیٹیں خالی کرنے کے بارے میں بات چیت ہوئی ہے۔ دہلی کانگریس کے ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ممتا نے بہرام پور، مالدہ ساؤتھ کے علاوہ رائے گنج سیٹ چھوڑنے کا وعدہ کیا ہے ۔ اس کے بعد کانگریس ہائی کمان نے 19 دسمبر کو انڈیا اتحاد کی میٹنگ کے اگلے دن بنگال کے لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کی۔ وہیں بنگال کانگریس کے زیادہ تر لیڈروں نے ترنمول کے ساتھ اتحاد پر اعتراض کیا۔