صرف تین گھنٹوں میں 66 دستاویزات کی رجسٹری، جونیر اسسٹنٹ معطل

   

66 دستاویزات کا رجسٹریشن منسوخ، انچارج سب رجسٹرار کے رول کی تحقیقات
حیدرآباد ۔ 29 اپریل (سیاست نیوز) ضلع یادادری کے متکور سب رجسٹرار آفس میں تین گھنٹوں کے دوران 66 دستاویزات غیرقانونی طور پر رجسٹریشن کرنے والے جونیر اسسٹنٹ سدھیر کو معطل کردیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں متحدہ ضلع نلگنڈہ کے ڈسٹرکٹ رجسٹرار پروین کمار نے احکامات جاری کئے۔ صرف تین گھنٹوں میں 66 ڈاکومینٹس رجسٹریشن کرنے کی اطلاعات جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی، جس کا میڑچل ملکاجگری اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ کے ڈی آئی جی سبھاشنی نے سخت نوٹ لیا اور اس کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کراتے ہوئے 66 دستاویزات کا رجسٹریشن کرنے والے جونیر اسسٹنٹ سدھیر کو معطل کردیا گیا اور ساتھ ہی 66 رجسٹریشن کو بھی منسوخ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ عام طور پر متکور سب رجسٹرار آفس میں روزانہ 3 تا 4 دستاویزات سے زیادہ رجسٹریشن نہیں ہوتے۔ جاریہ ماہ 21 اپریل کو جونیر اسسٹنٹ سدھیر غیرمنظورہ لے آوٹس سے متعلق 66 دستاویزات کا رجسٹریشن کردیا، جس پر رجسٹرار پروین کمار کو شک ہوا انہوں نے انچارج رجسٹرار ارشد کو ٹیلیفون کرتے ہوئے دستاویزات کے رجسٹریشن پر تفصیلات طلب کی۔ صحیح جواب نہ ملنے پر ان کے شکوک کو تقویت پہنچی۔ ضلع رجسٹرار نے اس پر تفصیلات حاصل کی، ضرورت پڑنے پر ارشد کے خلاف بھی تحقیقات کرنے سے اتفاق کیا گیا۔ کانگریس اور بی جے پی کے قائدین نے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 66 دستاویزات کی رجسٹری کرنے والے انچارج سب رجسٹرار کو بھی معطل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ن