صرف دواخانہ نیلوفر کافی نہیں

   

بچوں کیلئے مزید دواخانے قائم کرنے حکومت کو ہائیکورٹ کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 8 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے کل ریاستی حکومت کو ہدایت دی کہ بچوں کے علاج و معالجہ کیلئے مزید خصوصی چلڈرنس ہاسپٹلس قائم کرنے کے امکانات تلاش کئے جائیں کیونکہ پیڈیاٹرک کیسیس میں ہورہے اضافہ کے ساتھ نیلوفر ہاسٹل کافی نہیں ہوگا۔ چیف جسٹس ستیش چندرا شرما اور جسٹس ابھینند کمار شاویلی پر مشتمل ڈیویژن بنچ کوویڈ سے متعلق مفادعامہ کی درخواستوں اور رٹ درخواستوں کی سماعت کررہی تھی۔ اس بنچ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ٹسٹس بڑے پیمانے پر کئے جائیں تاکہ کنٹینمنٹ زونس کی نشاندہی ہوسکے بالخصوص سرحدوں، ایرپورٹس، بس اور ریلوے اسٹیشنس پر۔ اس بنچ نے کہاکہ 15 اور 17 سال عمر کے درمیان کے بچوں کیلئے ویکسینیشن پروگرام کی حکومت کی جانب سے خاطرخواہ تشہیر کی جانی چاہئے۔ حکومت کو عومی مقامات پر بڑے اجتماعات پر بھی مکمل پابندی عائد کرنے پر توجہ دینی چاہئے۔ ہائیکورٹ کی اس ڈیویژن بنچ نے ڈائرکٹر، پبلک ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر کی جانب سے داخل کی گئی اسٹاٹس رپورٹ کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مزید چلڈرنس ہاسپٹلس قائم کرنے کے امکانات تلاش کئے جائیں گے۔