دوبئی ۔ 25 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) یو اے ای کی ایک عدالت سے ایک ہندوستانی ایرپورٹ ورکر کو ملک واپس بھیجنے کا حکم جاری کیا ہے جس نے گزشتہ سال ایک مسافر کے بیاگ سے صرف دو آموں کا سرقہ کیا تھا ۔ عدالت نے پیر کے روز 27 سالہ ہندوستانی ورکر کی جانب سے 5000 درہم کا جرمانہ ادا کئے جانے کے بعد اسے ہندوستان واپس بھیجنے کا فیصلہ سنایا ۔ 11 اگست 2017 ء کو مذکورہ ہندوستانی نے جن دو آموں کا سرقہ کیا تھا ، ان کی قیمت صرف 6 درہم تھی ۔ خلیج ٹائمز نے یہ رپو رٹ پیش کی ۔ پوچھ گچھ اور تحقیقات کے دوران ملزم نے بتایا کہ وہ دوبئی ایرپورٹ کے ٹرمنل ۔3 پر برسرکار تھا ۔ مسافرین کے سامان کو طیارہ پر چڑھانا اس کی ڈیوٹی میں شامل تھا اور اسی دوران ایک بیاگ میں موجود آموں کو دیکھ کر اس کے منہ میں پانی آگیا اور اس نے دو آم چرالیئے تھے جس کا پتہ مسافر کو چل گیا تھا اوراس نے متعلقہ حکام سے شکایت کی تھی۔
