صرف 250 روپے میںگھر بیٹھے کورونا ٹسٹ

   

نئی دہلی :ہندوستان میں کورونا وبا کی دوسری لہر میں لوگوں کو کووڈ ٹسٹ کرانے میں آ رہی دقتوں کو دیکھتے ہوئے آئی سی ایم آر (انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ) نے گھر میں ہی کورونا جانچ کے لیے تیار کی گئی جانچ کِٹ ’کووی سیلف‘ کو منظوری دے دی۔ پونے کی ایک کمپنی کے ذریعہ تیار 250 روپے کی قیمت والی اس سیلف یوز ریپڈ ہوم ٹسٹ کِٹ سے جانچ رپورٹ صرف 15 منٹ میں مل جائے گی۔ خوش کن بات یہ ہے کہ کِٹ کچھ دنوں کے اندر بازار میں دستیاب ہوگی۔ہندوستان کی پہلی کووڈ۔19 ہوم ٹسٹ کِٹ ’کووی سیلف‘ کو پونے کی مائے لیب ڈسکوری سالیوشنز کے ذریعہ تیار کیا گیا ہے۔ کمپنی نے گزشتہ سال ہندوستان کو اپنا پہلا آر ٹی-پی سی آر ٹسٹ کِٹ بھی دیا تھا، جو اب عام طور پر کورونا ٹسٹ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کے منیجنگ ڈائریکٹر ہسمکھ راول نے کہا کہ ’’مائے لیب ڈسکوری سالیوشنز کی اس وقت ہر ہفتہ 70 لاکھ ٹیسٹ کِٹ بنانے کی صلاحیت ہے اور جون کی شروعات تک اسے بڑھا کر ایک کروڑ ٹیسٹ کِٹ کر دیا جائے گا۔