میدک میں عہدیداروں کے اجلاس سے ایڈیشنل کلکٹر کا خطاب
میدک : ضلع بھر میں تمام مقامات بلدی شہروں اور گرام پنچایتوں میں صاف ستھرا پینے کے پانی کی سربراہی کیلئے متعلقہ آفیسرس کو ٹھوس اقدامات کرنا ہوگا ۔ آلودے پانی کی سربراہی کی وجہ سے عوام کی صحتوں پر بُرا اثر پڑے گا ۔ بیماریاں پھیلنے کے اندیشے ہوں گے ۔ ایڈیشنل کلکٹر ضلع میدک برائے مجالس مقامی پریتما سنگھ نے ضلع کلکٹریٹ کے میٹنگ ہال میں منعقدہ ایک ضروری اجلاس کے دوران آر ڈبلیو ایس ، پنچایت راج اور میڈیکل اینڈ ہیلت ڈپارٹمنٹ بلدی کمشنروں سے مخاطب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہاکہ آنگن واڑی مراکز پر بھی مشن بھگیرتا کے پانی کی موثر انداز میں سربراہی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ آر ڈبلیو ایس کے انجینئرس کو چاہئے کہ گرام پنچایتوں میں واٹر سپلائیز کے پائپوں کی صفائی اور واٹر ٹینکس کی صفائی کو ملحوظ رکھیں اور پائپوں میں آلودہ پانی داخل نہ ہو اور پائپوں میں کوئی لکیج نہ ہواس بات کا خاص خیال رکھیں اور اس معاملہ میں کوئی غفلت نہ برتیں ۔ انھوں نے کہاکہ ضلع بھر میں جہاں کہیں بھی سرکاری عمارتیں زیرتعمیر ہیں ان عمارتوں کی تعمیرات کو جنگی انداز میں مکمل کرنے کی بھی انھوں نے ہدایت دی ۔ انھوں نے کہا کہ موسم برسات کے دوران ضلع کے تمام مدارس میں ہیلتھ محکمہ کو چاہئے کہ طبی عملہ کے ذریعہ ہیلتھ چیک اپ کرواتے ہوئے ادویات کی تقسیم عمل میں لائی جائے ۔ اس اجلاس میں ڈسٹرکٹ پنچایت آفیسر مسٹر ترون کمار ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر رمیش کمار ، انجینئر مشن بھگیرتا مسٹر کملاکر ، میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نوین کمار ، وجئے لکشمی ، کیشورام ، ڈسٹرکٹ مینارٹی ویلفیر آفیسر مسٹر جملا نائیک کے علاوہ دیگر دفاتر کے اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے ۔