استنبول: ترکیہ کے ایک دانتوں کے کلینک میں صفائی کرنے والے اسٹاف نے خود کو دانتوں کا ڈاکٹر ظاہر کرکے ایک مریض کے چار دانت نکال دیے جس پر شہری کو ایک ماہ سے زیادہ تکلیف برداشت کرنا پڑی۔ استنبول کی سول کورٹ میں ایک مقدمہ کی دستاویزات کے مطابق، 42 سالہ ترک شہری ہاکان یلدریم نے اپنے دانت میں درد کی وجہ سے ہنگامی ملاقات کیلئے ضلع کاگیتھانی کے ایک ڈینٹل کلینک میں فون ملایا۔ اس کی کال کا جواب سیمال سیناسلن نے دیا، جس نے اپنا تعارف ڈینٹسٹ کے طور پر کرایا اور ہاکان کو کلینک میں آنے کو کہا۔جب مریض کلینک میں آیا تو اس کا استقبال سیمال نے ہی کیا جس نے دندان سازی کی یونیورسٹی میں لیکچرار ہونے پر جھوٹی جھوٹی شیخی بگھاری تاکہ ہاکان کو اور زیادہ بھروسہ ہوجائے۔