صفائی کرم چاریوں کی ستائش ، وزیر بہبودیٔ پسماندہ طبقات کے ایشور کی تقریر
حیدرآباد ۔16۔ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود و بہبودیٔ پسماندہ طبقات کے ایشور نے صفائی کرم چاریوں کی صحت اور بھلائی کے سلسلہ میں حکومت کے اقدامات کا ذکر کیا اور کہا کہ صفائی کرم چاریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ کرم چاریوں کے ذریعہ صفائی کی صورت میں صحت کے مسائل کو دیکھتے ہوئے صفائی کا کام مشینوں کے ذریعہ انجام دینے کا فیصلہ کیا گیا اور عصری سہولتوں سے آراستہ مشین فراہم کئے گئے۔ کے ایشور نے آج سیوریج سسٹم اور سپٹک ٹینک کی دستی صفائی کے خاتمہ کیلئے ایکشن پلان پر مبنی ورکشاپ کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کرم چاری قابل احترام ہیں جو سماج کو بہتر صحت کی ضمانت ہیں ۔ انہوںن ے کہا کہ زیادہ تر صفائی کرم چاریوں کا تعلق کمزور اور پسماندہ طبقات سے ہے ۔ حکومت ان کی بھلائی کے لئے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی میں 18,000 صفائی کرم چاری ہے اور صفائی کا کام مشینوں کے ذریعہ انجام دیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہ دیہی علاقوں میں بھی مشینوں کو متعارف کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ 2013 ء کے پی ای ایم ایس قانون پر حکومت عمل کرے گی۔ اس موقع پر سکریٹری سماجی انصاف وی کے جندال ، سکریٹری ایس سی ڈیولپمنٹ اجئے مشرا ، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔