کریم نگر : حافظ عبدالحکیم خان کے بموجب صفا بیت المال جو ہندوستان کے مختلف صوبوں میں انسانیت کی بنیاد پر بلالحاظ مذہب و ملت خدمت خلق انجام دیتا چلا آرہا ہے ۔ اسی کی ایک شاخ صفا بیت المال شاخ کریم نگر کے زیراہتمام خود روزگار اسکیم برائے خواتین کے تحت جاری صفا فری ٹیلرنگ سنٹرس کی بیاچس کے اختتام پر نیشنل پیالیس حسینی پورہ میں صبح 10:30 بجے ایک جلسہ منعقد کیا گیا جس میں ٹیلرنگ کورس مکمل ہونے پر امتحان میں کامیاب ہونے والی 60 سے زائد مسلم و غیر مسلم خواتین کو مولانا غیاث احمد رشادی نے اسناد دیئے ۔ اب تک ان سنٹروں سے 1100 سے زائد مسلم و غیر مسلم خواتین خواتین نے استفادہ کیا ہے ۔نیز اسی مقام پر صفا کی جانب سے جاری 100 بیوہ خواتین و معذورین ، غرباء اور یتیموں میں فی کس 500 کے حساب سے ماہانہ وظائف کی تقسیم بھی عمل میں آئی ۔ اس موقع پر صدر صفا نے کہا کہ خدمت خلق ایک عظیم کار نبوت ہے ۔ آپﷺ کی اہم سنت ہے ۔ خدمت خلق کرنے کیلئے مالدار ہونا ضروری نہیں ، آپ اپنے مسلم و غیر مسلم پڑوسیوں اور رشتہ داروں سے خندہ پیشانی اچھے اخلاق سے پیش آئیں ، ان کی خیرخواہی کریں ، انہیں اچھے مشورے دیں یہ بھی خدمت خلق ہے ۔ آج ہم یہ کوشش کرتے ہیں کہ ہمارا ظاہر اچھا دکھائی دے لیکن یہ کوشش نہیں کرتے کہ ہمارا دل بھی گندگی سے پاک صاف ہو ، مزید صدر صفا نے کہا کہ آج مسلم معاشرہ میں جہیز کے نام پر غریب والدین کو ستایا جارہا ہے اور شادیوں میں خواہش کے نام پر اسراف کر کے مسلمان قرآنی حکم کے مطابق شیطان کے بھائی بن رہے ہیں نیز مرکزی صدر صفا مولانا غیاث احمد رشادی نے مسجد امجدیہ مکرم پورہ میں قبل نماز جمعہ حالات حاضرہ پر خطاب کیا ۔ بعد نماز جمعہ مولانا غیاث احمد رشادی صاحب ( مرکزی صدر صفا انڈیا ۔ بانی و محرک منبر و محراب فاؤنڈیشن انڈیا ) نے مدرسہ اسلامیہ افضل العلوم محلہ سواران کریم نگر میں منبر و محراب فاؤنڈیشن انڈیا کی جانب سے منعقدہ اجلاس میں شہر کریم نگر کی مساجد کے ائمہ ، صدور اور دیگر علماء و حفاظ سے خطاب کیا ۔