محبوب نگر میں جنگلات کی حفاظت کیلئے اقدامات کرنے عہدیداروں سے کلکٹر کی خواہش
محبوب نگر ۔ جنگلات کی حفاظت اور اس کی وسعت کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔ جنگلات سے غیر مجاز صندل کی لکڑی کی منتقلی کو بہرصورت روکا جائے۔ یہ ہدایات ضلع کلکٹر وینکٹ راؤ نے آج اپنے چیمبر میں منعقدہ ضلع فارسٹ پروٹکشن کمیٹی کے اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے دی۔ انہوں نے کہا جنگلات، مال اور پولیس کے عہدیداروں کے اشتراک سے ہی جنگل سے غیر مجاز لکڑی کی منتقلی کو روکا جاسکتا ہے۔ انہوں نے ضلع ایس پی سے گذارش کی کہ وہ اس تعلق سے پولیس کا تعاون پیش کریں۔ ریاستی حکومت نے ریاست کو سرسبز و شاداب بنانے کے لئے ہی ہریتا ہارم پروگرام کے تحت بڑے پیمانے پر شجر کاری کرتے ہوئے جنگلات کو ترقی دینے کوشاں ہے۔ ریاستی حکومت کی ہی ہدایت پر ضلع میں گزشتہ سال ایک کروڑ 18 لاکھ پودوں کی شجر کاری کی گئی تھی۔ اس سال اس کا دگنا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ سال گزشتہ شجر کاری کئے گئے پودوں میں سے 54 فیصد پودے ہی بڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مہیلا گروپس اور محکمہ جنگلات کے اسٹاف کا اس تعلق سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل ہائی وے کے دونوں طرف شجرکاری جاری ہے۔ اجلاس میں ایس پی آر ویکٹیشورلو نے یقین دیا کہ جنگلات سے صندل کی لکڑی کی غیر مجاز منتقلی کو روکنے کے لئے پولیس مکمل تعاون کرے گی۔ اجلاس میں ڈی ایس او گنگا ریڈی فارسٹ پروٹکشن کمیٹی کے رول اور اس کے قواعد سے واقف کروایا۔ اجلاس ایڈیشنل کلکٹر سیتاراما راؤ، ڈسٹرکٹ اگریکلچر آفیسر سچریتا، آر ڈی او پدما شری، محکمہ مائنس کے اے ڈی وجئے پولیس، جنگلات و دیگر عہدیداران موجود تھے۔